دنیا بھر میں کورونا متاثرین کی تعداد 40 لاکھ سے متجاوز‘ 2.78 لاکھ اموات

,

   

بیجنگ ؍ جنیوا، 10 مئی (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس کے دن بدن بڑھتے قہر کے درمیان متاثرین کی تعداد 40 لاکھ سے تجاوزکر گئی ہے ۔ دنیا بھر کے 187 ممالک اور علاقوں میں اب تک 40,38,663 افراد اس بیماری سے متاثر ہوئے ہیں اور 2,78,631 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کا انفیکشن تیزی سے پھیل رہا ہے اور متاثرین کی تعداد 60 ہزار سے تجاوز کر چکی ہے ۔ کورونا کے 60 ہزار سے زائد کیس والے دنیا بھر کے ممالک میں ہندوستان 14 ویں مقام پر ہے ۔ مرکزی وزارت برائے صحت اور خاندانی بہبود کی جانب سے اتوار کی صبح جاری تازہ اعداد و شمار کے مطابق ملک کی 32 ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس وبا سے اب تک 62,939 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 2109 ہلاک ہو چکے ہیں ۔ ملک میں اب تک 19,358 مریض مکمل طور صحت یاب بھی ہو چکے ہیں ۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سائنس اور انجینئرنگ سینٹر کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زائد افراد متاثر ہوئے ہیں اور یہاں سب سے زائد 13 لاکھ سے زائد کورونا کے کیسز سامنے آئے ہیں ۔ اب تک موصول اعداد و شمار کے مطابق دنیا کے تین ممالک میں دو دو لاکھ اور چھ ممالک میں متاثرین کی تعداد ایک ایک لاکھ سے زائد ہو چکی ہے جبکہ ہندوستان سمیت پانچ ممالک میں یہ تعداد 50 ہزار سے زائد ہو چکی ہے ۔امریکہ میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے 25،313 نئے کیسز سامنے آئے ہیں، جس کے بعد متاثرین کی مجموعی تعداد 13,09,159 ہوگئی ۔ اس دوران 1614 افراد کی ہلاکت کے بعد مجموعی ہلاکتوں کی تعداد 77,178 ہو گئی ۔یورپ میں شدید متاثر ملک اٹلی میں اس وبا کی وجہ سے اب تک 30395 افراد ہلاک ہو چکے ہیں اور 2,18,168 افراد اس سے متاثرہ ہوئے ہیں ۔ا سپین کووڈ -19 انفیکشن زیادہ متاثر ممالک کی فہرست میں دوسرے مقام پر ہے ۔

یہاں اب تک 2,40,711 افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں اور 26299 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔اس عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 82,901 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 4633 اموات ہوئی ہیں ۔ اس وائرس کے متعلق رپورٹ کے مطابق چین میں ہلاک 80 فیصد افرا د60 سال سے زیادہ عمر افراد تھے ۔اس دوران کورونا وائرس سے یورپی ملک فرانس اور جرمنی میں بھی حالات کافی خراب ہیں ، تاہم ان دو ممالک میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا وائراس کا نیا کیس سامنے نہیں آیا ۔ فرانس میں اب تک 1,74,918 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 26310 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ جرمنی میں کورونا وائرس سے 168551 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 7369 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔اس کے علاوہ برطانیہ میں بھی حالات مسلسل خراب ہوتے جا رہے ہیں ۔ یہاں اب تک اس وبا سے 215260 افراد متاثر ہوئے ہیں اور اب تک 31587 افراد ہلاک ہو چکے ہیں ۔ ترکی میں کورونا متاثرین کی تعداد 137115 ہو گئی ہے اور اس سے اب تک 3739 افراد ہلاک ہو گئے ہیں ۔