بیجنگ؍جنیوا، نئی دہلی 21مارچ (سیاست ڈاٹ کام ) دنیا کے 168 ممالک میں پھیل چکے کوروناوائرس -کووڈ 19 رکنے کا نام نہیں لے رہا ہے اور اب تک اس خطرناک وائرس سے 11,248افراد کی موت ہو چکی ہے جبکہ لاکھوں افراداس متاثر ہوئے ہیں۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس پھیلتا جا رہا ہے اور اب تک اس سے متاثرین کی تعداد بڑھ کر 258 ہو گئی ہے ۔ پنجاب کے نواں شہر میں ایک شخص کی موت سے ملک میں کورونا وائرس سے کل چار افراد کی موت ہوچکی ہے ۔کرناٹک، دہلی اور مہاراشٹر میں ایک ایک شخص کی موت ہوئی تھی۔وزارت صحت نے ہفتہ کو بتایا کہ ملک میں کورونا وائرس کے 258 کیسز کی تصدیق ہو چکی ہے جن میں سے 219 مریض ہندوستانی جبکہ 39 غیر ملکی شہری ہیں۔کورونا وائرس سے متاثر 23 افراد علاج کے بعد صحت مند ہو چکے ہیں۔ خیال رہے اب بھی اس وائرس سے سب سے زیادہ متاثر چین کے لوگ ہی ہیں تاہم راحت کی بات یہ ہے کہ ووہان میں گزشتہ تین دن سے کوئی معاملہ سامنے نہیں آیا ہے ۔ اس وائرس کو لے کر تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہونے والی اموات کے 80 فیصد کیسز 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے تھے ۔ چین میں 81,800 افرادکے وائرس سے متاثر ہونے کی تصدیق ہوئی ہے اور تقریباً 3،255 افراد کی اس وائرس کے زد میں آنے کے بعد موت ہوئی ہے ۔عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران چین میں کورونا وائرس سے سات اور دنیا بھر میں 1008 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ چین میں اب تک 3255 لوگوں کی اس وائرس کی وجہ موت ہوئی ہے ۔ کورونا وائرس سے اب تک مغربی بحرالکاہل خطہ میں 3405، یوروپی خطہ میں 4899، جنوب مشرقی ایشیائی خطہ میں 31، مغربی ایشیائی خطہ میں 1312، امریکہ کے نزدیک پڑنے والے علاقوں میں 178 اور افریقی علاقے میں آٹھ افراد کی موت ہوئی ہے ۔ اس کے علاوہ یہ وائرس دنیا کے 180 سے زائد ممالک میں پھیل چکا ہے ۔ چین کے علاوہ کورونا وائرس نے اٹلی، ایران، اسپین، امریکہ اور جنوبی کوریا سمیت دنیا کے کئی اور ممالک کو اپنی گرفت میں لے لیا ہے ۔ اس وائرس کے نصف سے زائد کیس اب چین کے باہر کے ہیں۔ڈبلیو ایچ او کی رپورٹ کے مطابق چین کے بعد اٹلی میں جان لیوا وائرس وسیع پیمانہ پر پھیل چکا ہے ۔ اٹلی میں کورونا وائرس کی وجہ سے اب تک 4032 افراد ہلاک ہو چکے ہیں جبکہ 47,021 لوگ اس وائرس سے متاثرہ ہیں۔ دنیا کے کچھ دوسرے ممالک میں بھی صورت حال انتہائی سنگین بتائے جارہے ہیں۔