دنیا بھر میں کورونا پھر تیزی سے پھیلنے لگا، کئی ممالک میں جزوی لاک ڈاؤن

   

دنیا بھر میں کورونا وائرس کی وبا ایک مرتبہ پھر تیزی سے پھیلتی جارہی ہے جس کے نتیجے میں کئی ممالک میں دوبارہ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیا ہے جبکہ امریکہ میں الیکشن کے موقع پر ریکارڈ تعداد میں کیسز سامنے آئے۔دنیا بھر میں اب تک 4 کروڑ 81لاکھ 7ہزار سے زائد افراد کورونا وائرس کا شکار ہوچکے ہیں اور ان میں سے 12 لاکھ 25 ہزار 463 افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔سب سے زیادہ 94 لاکھ 86 ہزار 677 سے زائد افراد امریکہ میں وائرس کا شکار ہوئے جبکہ اب تک وہاں 2 لاکھ 33ہزار 730 افراد ہلاک بھی ہو چکے ہیں جو دنیا بھر میں کسی بھی جگہ مرنے والوں کی سب سے بڑی تعداد ہے۔خبر رساں ایجنسی اے پی کے مطابق امریکہ میں جاری صدارتی انتخاب کے دوران کیسز میں تیزی سے اضافہ دیکھا گیا ہے اور گزشتہ 24 گھنٹے کے دوران 86 ہزار سے زائد نئے کیسز ریکارڈ کیے گئے۔امریکہ میں سردیوں کی آمد سے قبل حالات بدترین شکل اختیار کرتے جا رہے ہیں اور ماہرین نے انتباہ جاری کیا ہے کہ اگر لاک ڈاؤن کا نفاذ اور عوام نے احتیاطی تدابیر پر عمل نہ کیا تو آنے والے دنوں میں صورتحال پھر قابو سے باہر ہو سکتی ہے۔امریکہ میں گزشتہ دو ہفتوں کے دوران کیسز میں 45 فیصد اضافہ ہوا ہے اور گزشتہ 7 دنوں کے دوران ہر روز اوسطاً 86ہزار 352 کیسز رپورٹ ہوئے ہیں جبکہ اموات کے تناسب میں میں بھی 15 فیصد اضافہ ہوا جس کے نتیجے میں اسی دورانیے میں روزانہ اوسطاً 846 اموات ہوئیںڈاکٹر رابرٹ مرفی نے قوم کو آنے والے دنوں میں ممکنہ سنگین صورتحال سے آگاہ کرتے ہوئے کہا کہ ٹرمپ کا بطور صدر موجودہ دور 20 جنوری کو اختتام کو پہنچے گا اور تب تک 86 دن میں اگر عوام نے اپنا رویہ تبدیل نہ کیا تو مزید ایک لاکھ امریکی موت کے منہ میں جا سکتے ہیں۔ادھر انگلینڈ میں وائرس کے کیسز بڑھنے کے ساتھ ہی نئی پابندیوں کا اطلاق کردیا گیا ہے اور 5 کروڑ 60 لاکھ افراد کے لیے نئے لاک ڈاؤن کا نفاذ کردیا گیا۔وزیر اعظم بورس جانسن نے ہسپتال سے مستقل جاری کی گئی وارننگز اور 6 ماہ بعد اموات کی تیزی سے بڑھتی ہوئی شرح کو دیکھتے ہوئے انگلینڈ بھر میں لاک ڈاؤن کا اعلان کردیا ہے۔برطانوی وزیر اعظم کی جانب سے وارننگ جاری کرتے ہوئے کہا گیا تھا کہ ہسپتالوں میں جلد گنجائش ختم ہو جائے گی لہٰذا عوام احتیاط کریں لیکن بڑھتے ہوئے کیسز کے باوجود عوام نے اقدامات پر عمل نہ کیا۔پاکستان میں کورونا وائرس کے فعال کیسز کی تعداد بڑھ کر 15 ہزار 317 ہوگئی جب کہ گزشتہ 24 گھنٹوں میں 26 افراد کورونا کے باعث جان سے ہاتھ دھوبیٹھے۔نیشنل کمانڈ اینڈ آپریشن سینٹرکے تازہ اعداد وشمارکے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کیایک ہزار 302 نئے کیسز رپورٹ ہوئے جس کے بعد ملک بھرمیں مجموعی کیسز کی تعداد 3 لاکھ 38 ہزار 875 ہوگئی۔