نیویارک /برسلز : ترقی یافتہ ممالک میں کورونا سے بچاؤ کی ویکسینیشن مہمات تیزی سے جاری ہیں، جس سبب اس مہلک مرض کے متاثرین میں اضافے کے باوجود اس سے ہلاک ہونے والوں کی شرح میں کمی آ رہی ہے۔ کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد جمعرات کے روز بیس کروڑ سے تجاوز کر گئی ہے۔ تاہم دولت مند ملکوں میں ویکسینیشن مہمات میں تیزی کی وجہ سے حالیہ ہفتوں کے دوران کورونا سے ہلاک ہونے والوں کی شرح میں گراوٹ آئی ہے۔خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق دسمبر 2019 میں مبینہ طور پر چین سے پھیلنے والے کورونا وائرس کے متاثرین کی تعداد جمعرات کے روز بیس کروڑ سے تجاوز کر گئی۔ اس وبا کی نئی شکل ڈیلٹا کی وجہ سے متاثر ہونے والے افراد کی تعداد میں اچانک تیزی آ گئی ہے البتہ اموات کی شرح میں گراوٹ آئی ہے۔تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے دنیا بھر میں اب تک بیس کروڑ سترہ لاکھ بارہ ہزار 187افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ اس مہلک مرض سے دنیا بھر میں بیالیس لاکھ اسی ہزار 618 افراد کی موت واقع ہو چکی ہے۔