واشنگٹن:دنیا بھر میں کرونا وائرس کی نئی لہر کے شدت اختیار کر جانے کے بعد مختلف ملکوں میں پابندیاں دوبارہ سخت کرنے کے اقدامات کیے جا رہے ہیں تاکہ وائرس کو پھیلاؤ سے روکا جا سکے۔برطانیہ کے وزیر خارجہ ڈومینک راب نے جمعہ کے روز بی بی سی کو انٹرویو دیتے ہوئے کہا ہے کہ ملک بھر میں لاک ڈاؤن کی پابندیاں عائد کرنا غیر یقینی ہو گا اور اس کی بجائے مقامی سطح پر اقدامات زیادہ اہم ہوں گے بشرطیکہ لوگ ہدایات پر پابندی کے ساتھ عمل کریں۔برطانوی وزیر خارجہ کے اس بیان سے قبل فرانس اور جرمنی کے سربراہوں نے نئی پابندیاں نافذ کرنے کا اعلان کیا تھا۔فرانس کے صدر ایمینوئل میخوان نے ایک ماہ کے لئے ملک گیر سطح پر لاک ڈاؤن کرنے کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ ریستوران، شراب خانے، کیفے اور دیگر غیر ضروری کاروبار مکمل طور پر بند کر دیے جائیں گے اور لوگ صرف کام کے لئے یا خریداری اور ڈاکٹروں کے ساتھ ملاقات اور تشخیص کے لئے باہر نکل سکیں گے۔