دنیا بھر میں کورونا کے متاثرین 60 لاکھ سے زائد ، 3.69 لاکھ اموات

,

   

بیجنگ / جنیوا 31 مئی (سیاست ڈاٹ کام) کورونا وائرس سے متاثرین کی تعداد 60 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ اس سے اب تک 3.64 لاکھ سے زائد افراد کی موت ہوچکی ہے ۔ جان ہاپکنز یونیورسٹی کے اعداد و شمار کے مطابق کورونا سے دنیا میں اب تک 60,60,260 لوگ متاثر ہیں جبکہ 3,69,169 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔کورونا سے متاثرین کے معاملہ میں امریکہ پہلے ، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے ۔اموات کے اعداد و شمار میں بھی امریکہ پہلے نمبر پر ہے جبکہ برطانیہ دوسرے اور اٹلی تیسرے نمبر پر ہے ۔ صرف امریکہ میں ایک لاکھ سے زیادہ افرادکی موت ہوچکی ہے ۔ ہندوستان میں کورونا میں شدت آتی جارہی ہے اور یہ دنیا بھر میں انفیکشن کے سب سے زیادہ کیسز والے ممالک میں نویں مقام پر پہنچ گیا ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا کے ایک دن میں (8380 )نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 193 افراد فوت ہوئے ہیں جبکہ اس وبا سے 4614 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔سرکاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں میں اب تک 1,82,143 لوگ متاثر ہیں اور 5164 لوگوں کی موت ہوچکی ہے جبکہ 86,984 لوگ اس سے نجات حاصل کرچکے ہیں۔ امریکہ میں کورونا سے اب تک 17,70,816 افراد متاثر ہیں جبکہ 1,03,776 اموات ہو چکی ہے ۔ برازیل میں متاثرین کی تعداد پانچ لاکھ کے قریب ہے اور 28,834 لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔روس میں کووڈ -19 کیس بڑھتے جارہے ہیں اور اب تک 3,96,575 لوگ متاثر ہیں جبکہ 4555 اموات ہوئی ہیں ۔ برطانیہ میں اس سے حالات مسلسل خراب ہورہے ہیں۔ یہاں 2,74,219 لوگ متاثر ہیں اور 38,458 اموات ہو چکی ہیں ۔ اٹلی میں بھی وبا نے تباہی مچائی ہے ۔ یہاں اس وباسے 33,340 اموات ہوئی ہیں

اور 2,32,664 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ اسپین میں اب تک 2,39,228لوگ متاثر ہیں جبکہ 27,125 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کورونا کے سر چشمہ چین میں اب تک 84,128 لوگ متاثر ہیں اور 4638 اموات ہوئی ہیں ۔ فرانس و جرمنی میں بھی اس وائرس سے صورتحال ابتر ہے ۔ فرانس میں 1,88,752 لوگ متاثر ہیں اور 28,774 اموات ہو چکی ہیں ۔ جرمنی میں وائرس سے 1,83,189 لوگ متاثر ہیں اور 8,530 افراد کی موت ہوئی ہے ۔ترکی میں 1,63,103 لوگ متاثر ہیں اور 4,515 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔کورونا سے متاثر ایران میں 1,48,950 افراد متاثر ہیں جبکہ 7734 لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔میکسیکو میں 9779، بیلجیم میں 9453، کینیڈا میں 71593، ہالینڈ میں 5970، سویڈن میں 4395، پیرو میں 4371، ایکواڈور میں 3334، سوئٹزرلینڈ میں 1919، آئر لینڈ میں 1651 اور پرتگال میں1396 لوگوں کی موت ہوئی ہے ۔اس کے علاوہ پاکستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں میں کورونا کے 2429 نئے کیس ہوئے ہیں جبکہ 78 افراد کی موت ہوئی ہے . یہاں اب تک 66,475 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 1395 لوگ ہلاک ہو چکے ہیں۔