ہمیں میر جعفر ، میر صادق اور میر ایاز صادق جیسے لوگوں کا سامنا : عمران خان
٭ ہندوستان میں 73 سال بعد سب سے زیادہ انتہاپسند حکومت
٭ مودی حکومت انسانوں کو برابر نہیں سمجھتی
اسلام آباد : وزیراعظم پاکستان عمران خان نے کہا کہ دنیا دیکھے گی کہ کس کے ماتھے پر پسینہ آتا ہے اور کس کی ٹانگیں کانپتی ہیں ۔ حال ہی میں ہندوستان میں پلوامہ واقعہ کے حوالے سے یہ تبصرے کئے جارہے تھے کہ پاکستان کے پسینے چھوٹ گئے تھے اور ٹانگیں کانپنے لگی تھیں ۔ عمران خان نے کہا کہ ہندوستان میں گزشتہ 73 سال میں سب سے زیادہ انتہاپسند حکومت آئی ہے ۔ مودی حکومت انسانوں کو مساوی نہیں سمجھتی ۔ آج ہمیں مضبوط سکیورٹی فورسیس کی ضرورت ہے ۔ پاکستان میں دہشت گردی کا ہمارے دشمنوں نے فائدہ اٹھایا لیکن ہمارے سکیورٹی فورس طاقتور ہونے کی وجہ سے پاکستان محفوظ ہے ۔ سکیورٹی فورس نے ہی انتشار پھیلانے کے منصوبوں کو پاش پاش کردیا ہے ۔ ہمارے ملک میں آج بھی میرجعفر ، میر صادق اور میر ایاز صادق جیسے لوگ موجود ہیں ۔ ان کی وجہ سے کئی مسائل کا سامنا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت پاکستان کو معشیت اور الیکشن پر بلیک میل کرنے کی کوشش کی گئی ۔ میں نے کہا دھاندلی ہوئی ہے تو الیکشن کھول تو یہ لوگ بھاگ گئے ۔ قانون کی بالادستی میں ہی پاکستان کا فائدہ ہے ۔ لیکن ان کا فائدہ پاکستان کے مفاد میں نہیں ۔ آج بھی ہمیں میر جعفر جیسے لوگوں سے ہوشیار رہنا ہوگا ۔ یہ لوگ چاہتے ہیں کہ میں ان کو معاف کردوں لیکن میں کبھی ڈاکوؤں کو معاف نہیں کروں گا ۔ یہ وہ لوگ ہیں جو ان کے حق میں عدالتی فیصلہ آتا ہے تو ٹھیک ہوتا ہے لیکن فیصلہ ان کے خلاف آتا ہے تو یہ لوگ عدلیہ کو ہدف بناتے ہیں ۔