دنیا سے بے پرواہ اسرائیل کی غزہ پر وحشیانہ بمباری

,

   

مواصلات اور انٹرنیٹ مسدود ، حماس کا دعویٰ ۔ رات بھر زمینی حملے کرنے اسرائیل کا انتباہ

غزہ سٹی : اسرائیلی جنگی طیاروں نے جمعہ کی رات غزہ پٹی کے تمام حصوں میں ایسی شدید بمباری کی جس کی ماضی قریب میں کوئی نظیر نہیں ملتی ۔ اس فضائی حملہ کو انتہائی شدید اور ہلاکت خیز قرار دیا جاسکتا ہے لیکن فو ری طور پر غزہ پٹی میں جانی اور مالی نقصان کی اطلاع موصول نہیں ہوسکی۔ تاہم حماس کے ذرائع نے دعویٰ کیا کہ برقی اور مواصلات محاصرہ بند غزہ پٹی میں مسدود ہوگئے ہیں اور انٹرنیٹ بھی بند ہوگیا ۔ غزہ میں مکینوں کو پورا اندیشہ ہے کہ اسرائیل زمینی حملہ کی تیاری کررہا ہے جو کسی بھی وقت ممکن ہے ۔ دوسری طرف خود اسرائیل ڈیفنس فورس کی اعلیٰ قیادت نے انتباہ دیا ہے کہ آج رات پوری قوت کے ساتھ زمینی آپریشن کو وسعت دی جائے گی ۔ ایک رپورٹ میں بتایا گیا کہ اسرائیل نے بنکر شکن میزائل داغے ہیں اور حماس کے ٹنل نیٹ ورک کو تباہ کرنے کی کوشش کی ہے ۔ فو ری طور پر نہیں کہا جاسکتا کہ اسرائیل اس کوشش میں کامیاب ہوا ہے یا نہیں ۔ صبح میں جائزہ لینے کے بعد ہی غزہ پٹی میں حقیقی نقصان کا پتہ چلے گا ۔ ڈیفنس فور س کے ترجمان نے آج ایک پریس کانفرنس میں کہا کہ انہوں نے غزہ میں حملے بڑھادیئے ہیں ۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ زیرزمین ٹارگٹس کو نشانہ بنایا جارہا ہے جو ان کی دانست میں دہشت گردوں کا انفراسٹرکچر ہے ۔ گزشتہ 3 ہفتوں سے جاری حملوں سے پریشان حال فلسطینیوں کیلئے ہر دن اور ہر رات نئی مصیبت لارہے ہیں ۔ آج کے حملے اس میں مزید اضافہ ہے ۔ تاہم حماس نے ہتھیار ڈالنے کا کوئی اشارہ نہیں دیا ہے ۔