سیاست کے مطالعہ کے بعد ہی میرے والد ناشتہ کرتے تھے، ڈی ایم ایچ او ڈاکٹر راجندر کا تاثر، انتظامیہ سے نیک تمنائیں
نرمل ۔ 5 ڈسمبر (سیاست ڈسٹرکٹ نیوز) نرمل ضلع کے ڈی ایم اینڈ ایچ او ڈاکٹر راجندرو بی رویندر ڈی ای ایم او ضلع نرمل نے مقامی دفتر سیاست پہنچ کر سید جلیل ازہر سینئر صحافی و اسٹاف رپورٹر روزنامہ سیاست سے ملاقات کرتے ہوئے گزشتہ ماہ حیدرآباد کے رویندرا بھارتی تھیٹر میں ریاستی اقلیتی بہبود کے وزیر محمد اظہر الدین کے ہاتھوں کارنامہ حیات ایوارڈ برائے محبوب حسین جگر تلنگانہ حکومت کی جانب سے اردو اکیڈیمی نے عطا کیا تھا۔ ان دونوں اعلیٰ عہدیداروں نے جلیل ازہر کی گلپوشی کرتے ہوئے دلی مبارکباد دی اور کہا کہ یہ ایوارڈ سیاست کے رپورٹر کو حاصل ہونا نرمل کے لئے بھی باعث فخر ہے۔ ڈی اینڈ ایم ایچ او ڈاکٹر راجندر نے دفتر میں جلیل ازہر سے بات چیت کرتے ہوئے اہم انکشاف کیا کہ وہ جب طالب علم تھے تب ان کے والد اخبار سیاست بس اسٹانڈ سے منگواتے تھے، اس وقت سیاست اخبار پچاس پیسے میں ملتا تھا اور میں بڑے فخر سے کہتا ہوں کہ اخبار سیاست کے مطالعہ کے بعد ہی والد محترم ناشتہ کرتے تھے۔ آج ساری دنیا میں جہاں جہاں اردو پڑھی اور بولی جاتی ہے وہاں کی محفلوں میں اخبار سیاست کا تذکرہ ضرور ہوتا ہے۔ اردو صحافت میں اخبار سیاست ایک معتبر نام ہے نرمل جیسے مقام پر کئی زمانہ تک غیر مسلم اصحاب بھی سیاست کے قاری رہے ہیں۔ میں اخبار سیاست کے انتظامیہ کو بھی دلی مبارکباد دیتا ہوں کہ انہوں نے اخبار کے معیار کو بلندی پر پہنچاتے ہوئے اس کو برقرار رکھا ہے۔ اس موقع پر ڈاکٹر متین کے علاوہ محمد زاہد علی مالک آئی اے فنکشن ہال بھی موجود تھے۔