اٹک: وزیراعظم پاکستان عمران خان کا کہنا ہے کہ دنیا میں سب سے سستا پٹرول پاکستان میں ہے، غریب عوام پر مہنگائی کے اثرات کا پوری طرح سے حکومت کواحساس ہے، عوام کی مشکلات کم کرنے کیلئے کوشش کی جارہی ہے ۔اٹک میں عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ پچھلے 30 سال میں بنگلہ دیش ہم سے آگے نکل گیا۔ لیکن 30 سال میں پہلی بار کوئی حکومت اگلی نسلوں کا سوچ رہی ہے، مارچ تک پنجاب کے ہر خاندان کے پاس ہیلتھ کارڈ دستیاب ہوگا، نجی شعبہ کو ہاسپٹل بنانے کے لیے سرکاری زمین سستے داموں پر دی جائے گی۔ان کا کہنا تھا ان کی حکومت 2 یا 3 سال کا نہیں 5 سال کا مینڈیٹ لے کر آئی ہے، 5 سال بعد فیصلہ ہوگا کہ عام لوگوں کی زندگی بہتر ہوئی یا نہیں، 5 سال میں کمزور طبقے کی زندگی بہتر ہو جائے تو سمجھوں گا ان کا مقصدکامیاب ہو گیا۔ چینی کی قیمت میں مسلسل اضافے کے حوالے سے بات کرتے ہوئے وزیراعظم عمران خان کا کہنا تھا کہ سندھ میں 3 شوگر ملز کو بند کر دیا گیا، سندھ میں جب شوگر ملز بند ہوئیں تو اس کی وجہ سے شکر کی قلت پیدا ہو گئی اور قیمت 140 روپے پر پہنچ گئی۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ کمپیٹیشن کمیشن نے شوگر ملز پر 40 ارب روپے کا جرمانہ عائد کر رکھا ہے کیونکہ ان لوگوں نے آپس میں گٹھ جوڑ کر کے چینی کی قیمتیں بڑھا دی تھیں، ان ملوں نے اس پر بھی اسٹے آرڈر لے رکھا ہے، پھر یہ بھی پتہ چلا کہ ایف بی آر نے بھی شوگر ملز پر آف بک چینی فروخت کرنے پر 500 ارب روپے کا جرمانہ عائد کر رکھا ہے۔اس سے قبل وزیر اعظم عمران خان سے ضلع اٹک کی پی ٹی آئی قیادت نے ملاقات کی، جس میں وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار، وزیرصحت پنجاب یاسمین راشد و دیگر موجود تھے، اراکین پنجاب اسمبلی یاور بخاری، ملک محمد انور، ملک جمشید الطاف و دیگر بھی ملاقات میں شامل تھے۔اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ ہماری حکومت آئی تو اس وقت مجموعی خسارہ 20 ارب ڈالر تھا، جس کے باعث ہماری معاشی صورتحال مشکل تھی، ان کی حکومت نے ایک سال میں خسارہ 20 ارب سے کم کر کے ایک ارب ڈالر کردیا۔ انہوں نے کہا کہ ہمارا انحصار درآمدات پر ہے اس لیے جب باہر قیمتیں بڑھتی ہی تو یہاں بھی بڑھ جاتی ہیں۔انہوں نے کہا کہ گزشتہ دو برس سے پوری دنیا کو کورونا نے لپیٹ میں لے رکھا ہے، کورونا کے باعث پوری دنیا کی معیشت خسارے میں چلی گئی، تاہم ہماری کامیاب پالیسیوں کی بدولت کورونا کا بہتر انداز میں مقابلہ کیا، بین الاقوامی سطح پر ہماری کامیاب پالیسیوں کی ستائش کی گئی۔وزیراعظم نے کہا کہ غریب عوام پر مہنگائی کے اثرات کا پوری طرح سے احساس ہے، حکومت اس وقت 450 ارب کا خسارہ خود سے برداشت کر رہی ہے، صحت کارڈ کا پورے صوبہ پنجاب میں آغاز کرنے لگے ہیں جس کی بدولت غریب گھرانے معیاری علاج کی سہولیات سے مستفید ہو سکیں گے، کامیاب پاکستان پروگرام کے تحت 20 لاکھ گھرانوں کوسود کے بغیر قرضے فراہم کیا جائے گا۔