امریکہ اور برطانیہ بھی متاثرہ ممالک میں شامل
حیدرآباد ۔6۔ڈسمبر (سیاست نیوز) غلط اور گمراہ کن اطلاعات کئی ترقی یافتہ ممالک کے لئے نقصاندہ ثابت ہورہے ہیں۔ ورلڈ اکنامک فورم نے سروے رپورٹ جاری کی جس میں ان ممالک کی نشاندہی کی گئی جہاں غلط معلومات کے نتیجہ میں سنگین خطرات لاحق ہورہے ہیں۔ گزشتہ سال ستمبر اور اکتوبر کے دوران دنیا کے 1490 نامور ماہرین تعلیم ، بزنسمین ، اعلیٰ سرکاری عہدیداروں اور سیول سوسائٹی سے حاصل کردہ رائے کی بنیاد پر سروے کا نتیجہ اخذ کیا گیا۔ دنیا بھر سے تعلق رکھنے والے ماہرین کی رائے کی بنیاد پر ترقی یافتہ ممالک میں غلط معلومات کے نتیجہ میں 34 نوعیت کے خطرات پیدا ہورہے ہیں۔ گمراہ کن اور غلط معلومات کے معاملہ میں ہندوستان سرفہرست ہے۔ دنیا بھر میں ناقابل تسخیر قوت کے طور پر ابھرنے کا خواب دیکھنے والے امریکہ کو چھٹواں مقام سروے میں دیا گیا ہے۔ میکسیکو اور برطانیہ 11 ویں جبکہ انڈونیشیا 18 ویں مقام پر ہے۔ بہت کم ممالک ایسے ہیں جہاں غلط معلومات کے نتیجہ میں خطرات کا اندیشہ کم ہے۔ انفارمیشن ٹکنالوجی کے اس دور میں سوشیل میڈیا کے زیادہ استعمال کے نتیجہ میں ہندوستان میں غلط اور گمراہ کن معلومات کی تشہیر دیگر ممالک کے مقابلہ زیادہ ہے۔ 1