جنیوا : عالمی وبا کورونا وائرس کا قہر زور پکڑتا جا رہا ہے اور پوری دنیا میں اس کے سبب ہونے والی اموات کی تعداد تقریبا ساڑھے پانچ لاکھ ہو گئی جبکہ 1.20 کروڑ افراد اس سے متاثر ہیں۔ کووڈ۔19 کے معاملے میں امریکہ پوری دنیا میں پہلے ، برازیل دوسرے اور برطانیہ تیسرے مقام پر ہے ۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر فار سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کے جاری کردہ اعداد و شمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا متاثرہ افراد کی تعداد 1,20,12,125ہوگئی ہے جبکہ 5,48,896افراد اپنی زندگی سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں۔دنیا میں سوپر پاور سمجھے جانے والے ملک امریکہ میں اب تک 3054650افرا کورونا سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 1,32,298افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ برازیل میں اب تک 17,13,160افراد اس کا شکار ہوچکے ہیں جبکہ 67,964افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔گذشتہ 24 گھنٹوں میں ہندوستان میں کورونا وائرس کے 24879نئے کیسز رپورٹ ہوئے ہیں۔ یہاں کورونا۔متاثرین کی مجموعی مجموعی تعداد 7,67,296ہوگئی ہے ۔ دریں اثناء کورونا وائرس کی وجہ سے 487اموات کے ساتھ ہلاکتوں کی تعداد 21,129 ہوگئی ہے ۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 2,69,789 فعال کیسز موجود ہیں اور اب تک 4,76,378افراد اس وباء سے صحتیاب ہو چکے ہیں۔ روس کووڈ-19 کے معاملے میں چوتھے نمبر پر ہے اور یہاں اب تک 6,99,749افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ 10,650افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ پیرو میں صورتحال مزید خراب ہوتی جارہی ہے ۔ اس فہرست میں وہ پانچویں نمبر پر پہنچ گیا ہے ۔ یہاں 3,12,911افراد کورونا متاثر ہیں جبکہ 1,133افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔چلی کورونا سے متاثر ہونے کے معاملے میں دنیا میں چھٹے نمبر پر ہے ۔ یہاں اب تک 3,03,083افراد کورونا وائرس کی زد میں آ کے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 6573ہے ۔کووڈ۔19 کے معاملے میں برطانیہ ساتویں نمبر پر آ گیا ہے ۔ یہاں اب تک 2,88,511افراد اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ 44,602ہلاک ہو چکے ہیں۔ میکسیکو کورونا سے متاثر ہونے کے معاملے میں اسپین کو پیچھے چھوڑتے ہوئے آٹھویں نمبر پر آ گیا ہے ۔ میکسیکو میں متاثرہ افراد کی تعداد 2,75,003تک جا پہنچی ہے اور اب تک اس وائرس کی وجہ سے 32,796افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔ وہیں اسپین میں کورونا متاثرہ افراد کی تعداد 252,513ہے جبکہ 28,396افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ کورونا وائرس سے متاثر خلیجی ملک ایران دسویں نمبر پر ہے جہاں متاثرہ افراد کی تعداد 2,48,379تک جا پہنچی ہے جبکہ 12,084افراد لقمہ اجل بن چکے ہیں۔یوروپی ملک اٹلی میں 2,42,149افراد اس مہلک وائرس سے متاثر ہوئے ہیں اور 34,914افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔