دنیا میں کورونا سے 3.72 لاکھ افراد ہلاک ، 61لاکھ سے زائد متاثر

   

بیجنگ؍ جنیوا ؍ نئی دہلی،یکم جون (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کوروناوائرس (کووڈ 19) کے متاثرین کی تعداد 61 لاکھ سے زیادہ ہو گئی ہے جبکہ اس وبا سے اب تک 3.72 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے دنیا بھر میں اب تک 61,66,946 لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ 3,72,035 افراد کی موت ہو چکی ہے۔ کوروناوائرس سے متاثر ہونے کے معاملہ میں امریکہ دنیا بھر میں پہلے ، برازیل دوسرے اور روس تیسرے نمبر پر ہے۔ دوسری طرف اس وبا سے ہونے والی اموات کے اعداد و شمار میں بھی امریکہ پہلے نمبر پر ہے جبکہ برطانیہ دوسرے اور اٹلی تیسرے نمبر پر ہے ۔ صرف امریکہ میں ہی ایک لاکھ سے زیادہ لوگ کورونا وائرس کی زد میں آکر موت کی منہ میں سما چکے ہیں۔ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ایک دن میں اب تک کے سب سے زیادہ (8392) نئے کیسز سامنے آئے ہیں اور 230 افراد کی جانیں گئی ہیں جبکہ اس بیماری سے 4835 مریض شفایاب ہوئے ہیں۔ مرکزی صحت اور خاندانی بہبود کی وزارت کی جانب سے پیر کو جاری اعداد و شمار کے مطابق ملک کی مختلف ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں میں اس کے انفیکشن سے اب تک 1,90,535 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 5394 افراد کی موت ہوئی ہے جبکہ 91,819 لوگ اس بیماری سے نجات حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے ہیں۔ امریکہ میں کورونا وائرس کی وبا سے اب تک 17,90,172 لوگ متاثر ہو چکے ہیں جبکہ 1,04,381 اموات ہو چکی ہے ۔ برازیل میں متاثرین کی تعداد پانچ لاکھ سے زیادہ ہو چکی ہے ۔ روس میں بھی کووڈ -19 کے کیسز میں تیزی سے اضافہ ہورہا ہے اور یہاں اس کے وائرس سے اب تک 4,05,843 لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ 4693 لوگوں نے جان گنوائی ہے ۔ برطانیہ میں بھی اس وائرس کی وجہ سے حالات مسلسل خراب ہوتے جا رہے ہیں۔ یہاں اب تک اس وبا سے 2,76,156 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 38,571 اموات ہو چکی ہے ۔یوروپی ملک اٹلی میں بھی اس وبا نے بہت زیادہ تباہی مچائی ہے ۔ یہاں اب تک اس وبا سے 33,415 افراد کی موت ہوئی ہے اور 2,32,997 لوگ متاثر ہوئے ہیں۔ اسپین میں اب تک 2,39,479 لوگ متاثر ہوئے ہیں جبکہ 27,127 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔عالمی وبا کورونا وائرس کے مرکزچین میں اب تک 84,146 لوگ متاثر ہوئے ہیں اور 4638 اموات ہوئی ہے . یوروپی ملک فرانس اور جرمنی میں بھی اس جان لیوا وائرس کی وجہ سے صورتحال کافی خراب ہیں۔