بیجنگ ؍ جنیوا ؍ نئی دہلی۔13جون (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس (کووڈ 19) سے دنیا بھر میں اب تک 76.51 لاکھ افراد متاثر ہوئے ہیں اور اس مہلک وبا کے سبب4.26 لاکھ سے زائد افراد ہلاک ہوچکے ہیں۔امریکہ کی جان ہاپکنز یونیورسٹی کے سینٹر برائے سائنس اینڈ انجینئرنگ (سی ایس ایس ای) کی جانب سے جاری کردہ تازہ ترین اعداد و شمار کے مطابق کورونا وائرس سے دنیا بھر میں 7650696 افراد متاثر ہوئے ہیں اور 425869 افراد ہلاک ہوگئے ہیں۔ اس وائرس سے متاثر34 لاکھ سے زائد مریض صحت یاب ہوئے ہیں۔کورونا وائرس سے متاثرہونے کے معاملے میں امریکہ دنیا میں اول مقام پر ہے اوربرازیل دوسرے اور روس تیسرے مقام پر ہے ۔ دوسری طرف اس وبا کی وجہ سے ہوئی ہلاکتوں کی تعداد کے لحاظ سے امریکہ پہلے ، برطانیہ دوسرے اور برازیل تیسرے مقا م پر ہے ۔ہندوستان میں گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران کورونا وائرس کے ریکارڈ11458 نئے کیسز درج کئے گئے ہیں اور اب کورونا متاثرین کی مجموعی تعداد 308939 تک پہنچ گئی ۔ اسی دوران 386 افراد کی ہلاکت کے سبب ہلاک شد گان کی تعداد بڑھ کر 8884 ہوگئی ہے ۔ اس وقت ملک میں کورونا کے 145779 ایکٹو کیسز ہیں جبکہ اس وبا سے نجات پانے والوں کی تعداد ایکٹیو معاملوں کے مقابلے میں 8551زیادہ یعنی 154330ہے ۔ ہندوستان انفیکشن کے معاملے میں دنیا میں سب سے زیادہ متاثرہ ممالک کی فہرست میں چوتھے مقام پر ہے ۔دنیا کی عالمی طاقت تصور کئے جانے والے امریکہ میں کورونا وبا کی وجہ سے اب تک 2049024 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 114672 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔ برازیل میں اب تک 828810 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 41828 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔روس میں بھی کووڈ 19 کا وبا قہر بڑھتا جارہا ہے اور یہاں اب تک 510761 افراد متاثر ہوئے ہیں اور یہاں اس وبا کے سبب 67052 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔ برطانیہ میں بھی اس وبا سے صورتحال خراب ہوتی جارہی ہے ۔ اب تک 294402 افراد اس وبا سے متاثر ہوچکے ہیں اور 41566 افراد ہلاک ہو چکے ہیں۔
