دنیا میں کورونا وائرس سے 3282 افراد کی موت : ڈبلیو ایچ او

   

جنیوا، 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) دنیا میں جان لیوا کورونا وائرس کے بڑھتے قہر کی وجہ سے اب تک 3282 افراد کی موت ہو گئی ہے ۔ کورونا وائرس کا پہلا معاملہ گزشتہ سال دسمبر میں چین کے ووہان میں سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ دنیا کے بیشتر ممالک میں پھیل گیا ۔ عالمی ادارۂ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے جمعہ کو تصدیق کی کہ کورونا وائرس سے دنیا میں 3282افراد کی جانیں تلف ہوئیں ہیں ۔ ڈبلیو ایچ او کے اعداد و شمار کے مطابق جمعرات تک کورونا وائرس کے 2124نئے معاملات کی تصدیق ہوئی ہے جس کے بعد اب تک مجموعی طو ر متاثرین کی تعداد بڑھ کر 95,333 ہو گئی ہے ۔ گزشتہ 24 گھنٹوں میں پانچ ممالک کے علاقوں میں کورونا وائرس ‘کووڈ -19’ کا پہلا معاملہ سامنے آیا ہے ۔ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ٹیڈ روس آدنوم نے بدھ کے روز ایک بریفنگ میں کورونا وائرس کے اثرات کو کم کرنے کے لئے وسیع نقطہ نظر اپنانے کی اہمیت پر زور دیا تھا ۔ ڈبلیو ایچ او نے جنوری کے اواخر میں کورونا وائرس کی وبا کے پیش نظر عالمی ہیلتھ ایمرجنسی کا اعلان کیا تھا ۔

بھوٹان میں کوروناوائرس کا پہلا کیس
تھمپو ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ہمالیائی مملکت بھوٹان میں بھی کوروناوائرس کے ایک مریض کی دریافت ہوئی ہے جو امریکی سیاح بتایا گیا ہے۔ وزیراعظم نے یہ بات بتائی۔ یاد رہیکہ حالیہ دنوں میں بھوٹان جیسی چھوٹی مملکت بھی سیاحوں کی دلچسپی کا مرکز رہی ہے لیکن حکومت نے جس تندہی کا مظاہرہ کرتے ہوئے اپنی تمام سرحدوں کو دو ہفتوں کیلئے بند کردیا ہے اس کی ستائش کی جانی چاہئے کیونکہ ایسا کرنا وقت کی اہم ضرورت تھی تاکہ کوروناوائرس کے مزید کیسز سامنے نہ آنے پائیں جس نے دنیا کے ترقی یافتہ ممالک میں بھی تباہی مچا رکھی ہے۔ وزیراعظم لوٹے شیرنگ کے دفتر سے ایک فیس بک پوسٹ میں تفصیلات بتاتے ہوئے کہا گیا ہیکہ 76 سالہ امریکی سیاح 2 مارچ کو ہندوستان سے یہاں پہنچا تھا جبکہ 5 مارچ کو بخار آنے پر اسے ہاسپٹل میں شریک کیا گیا۔ ٹسٹ کے بعد اسے کووڈ۔19 سے متاثر پایا گیا۔ فیس بک پوسٹ میں مزید کہا گیا ہیکہ دنیا کے تمام سیاحوں کیلئے بھوٹان میں دو ہفتوں تک داخلہ پر فوری اثر کے ساتھ عمل آوری کی جارہی ہے۔

امریکی سینیٹ کی کورونا وائرس سے نمٹنے فنڈس کی منظوری
واشنگٹن، 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) امریکی سینیٹ نے مہلک کورونا وائرس سے نمٹنے کے لئے 8.3 بلین ڈالر کے ایمرجنسی فنڈ کی منظوری دے دی ہے ۔ سینیٹ نے 96-1 کے ووٹوں سے اس کی منظوری دی اور اب یہ فائل صدر ڈونالڈ ٹرمپ کے پاس دستخط کے لئے بھیجی جائے گی ۔ یہ فنڈ مقامی پبلک سیفٹی ایجنسی، اسپتال اور میڈیکل بورڈ کو فراہم کیا جائے گا جس سے کورونا وائرس کے روک تھا م کا کام منظم طریقے سے ہو سکے ۔ واضح ر ہے کہ گزشتہ سال دسمبر میں چین میں کورونا وائرس کا پہلا معاملہ سامنے آیا تھا جس کے بعد یہ دنیا بھر کے 25 سے زیادہ ممالک میں پھیل چکا ہے اور اس سے اب تک چین میں 3000 سے زائد اموات ہو چکی ہیں ۔

کوروناوائرس سے ایرانی وزیرخارجہ کے مشیر فوت
تہران ۔ 6 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) ایران کے وزیرخارجہ کے مشیر کورونا وائرس سے متاثر ہوکر انتقال کر گئے۔ سرکاری خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق مرحوم نے 1979ء میں امریکی سفارتخانہ کے یرغمال بحران میں اہم رول ادا کیا تھا۔ خبر رساں ایجنسی ارنا کے مطابق حسین شیخ الاسلام کو ایک انقلابی سفارتکار تصور کیا جاتا تھا۔ یہاں اس بات کا تذکرہ ضروری ہیکہ ایران کوروناوائرس کے تیزی سے پھیلنے کی وجہ سے اس وقت شدید تشویش میں مبتلاء ہے جس کی وجہ سے اب تک 3513 افراد متاثر ہوئے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 107 ہوگئی ہے جن میں 6 افراد سیاستداں اور سرکاری عہدیدار ہیں۔ شیخ الاسلام اپنی موت سے قبل وزیرخارجہ محمد جوادظریف کے مشیر تھے جبکہ شام میں انہوں نے سفیر کی حیثیت اور 1981 تا 1997ء بطور نائب وزیرخارجہ خدمات انجام دیں۔