نئی دہلی 23ستمبر (یو این آئی) عالمی صحت ادارہ (ڈبلیو ایچ آئی) کی طرف سے منگل کے روز جاری رپورٹ کے مطابق دنیا میں 140 کروڑ افراد ہائی بلڈ پریشر کا شکار ہیں، جن میں سے 30 فیصد ہندوستان میں ہیں۔ رپورٹ کے مطابق دنیا میں 30 سے 79 سال کی عمر کے تقریباً 34 فیصد لوگ اس بیماری سے متاثر ہیں، جبکہ ہندوستان میں یہ شرح 30 فیصد ہے ۔ یہ ڈبلیو ایچ او کی طرف سے جاری کی گئی ہائی بلڈ پریشر سے متعلق دوسری رپورٹ ہے ؛ پہلی رپورٹ 2023 میں شائع ہوئی تھی۔ پہلی رپورٹ میں یہ بات بھی سامنے آئی کہ کم آمدنی والے ممالک میں صرف 28 فیصد افراد کو ہائی بلڈ پریشر کی تجویز کردہ دوائیں دستیاب ہیں۔ ڈبلیو ایچ او کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹر ٹیدروس گیبریسس نے کہا کہ دنیا میں ہر گھنٹے میں ہائی بلڈ پریشر کے باعث اسٹروک اور دل کے دورے کی وجہ سے ایک ہزار سے زائد افراد کی موت ہوجاتی ہے ، جن میں سے زیادہ تر اموات روکی جا سکتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صحت کی سہولیات میں ہائی بلڈ پریشر کے کنٹرول کو شامل کرنے کے لیے سیاسی عزم، سرمایہ کاری اور اصلاحات کے ذریعے لاکھوں جانیں بچائی جا سکتی ہیں۔