دنیا میں1.82لاکھ کورونا اموات،26.22لاکھ متاثرین

,

   

بیجنگ؍ جنیوا ؍ نئی دہلی۔23 اپریل (سیاست ڈاٹ کام) عالمی وبا کورونا وائرس کووڈ ۔19کی غضبناکی بڑھتی ہی جا رہی ہے اور اب تک دنیا کے بیشترممالک میں اس وبا سے ایک لاکھ 82 ہزارسے زائد افراد ہلاک اور 22.26لاکھ سے زیادہ لوگ اس کی زد میں آ چکے ہیں۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری تازہ ترین اعدادوشمار کے مطابق دنیا بھر میں کورونا وائرس سے کل 22,62,637افراد متاثر ہو چکے ہیں جبکہ اس سے ہلاک ہونے والوں کی تعداد بڑھ کر182,818ہو گئی ہے ۔ دنیا بھر میں اب تک 708,798لوگ اس وبا سے مکمل طور پر شفایاب بھی ہوئے ہیں۔ ہندوستان میں بھی کورونا وائرس کی وبا تیزی سے پھیل رہی ہے ۔ وزارت صحت کی جانب سے جمعرات کی صبح جاری تازہ ترین اعداد و شمارکے مطابق ملک کی 32ریاستوں اورمرکزکے زیرانتظام علاقوں میں اب تک 21393 افراد اس وبا سے متاثراورابھی تک اس سے 681 افراد کی موت ہو چکی ہے ۔ ملک میں اب تک 4258لوگ اس وباسے شفا یاب ہو چکے ہیں۔جان ہاپکنز یونیورسٹی کی جانب سے جاری اعداد و شمار کے مطابق امریکہ میں کورونا وائرس سے دنیا میں سب سے زیادہ لوگ متاثر ہوئے ہیں اور وہاں سب سے زیادہ ہلاکتیں بھی ہوئی ہیں۔ دنیا کے سپر پاور مانے جانے والے امریکہ میں یہ وبا بھیانک شکل اختیارکر چکی ہے ۔ یہاں اب تک 840476 افراد اس وبا سے متاثر ہوئے ہیں جبکہ 46611 لوگوں کی موت ہو چکی ہے ۔ امریکہ میں اس بیماری سے اب تک 77366 لوگ شفا یاب ہوچکے ہیں۔امریکہ کے بعد سب سے زیادہ شدید طور پر متاثر یوروپی ملک اٹلی میں اس وبا سے اب تک 25085 افراد کی موت ہوچکی ہے جبکہ 187327 افراد متاثر ہوچکے ہیں اور 54543 افراد صحت مند ہوکر گھر لوٹ چکے ہیں۔اسپین اس وبا سے سب سے زیادہ متاثر ہونے والے ممالک کی فہرست میں امریکہ کے بعد دوسرے نمبر پر ہے ۔ یہاں اب تک 208389افراد اس کی زد میں آ چکے ہیں اور21717 لوگوں کی موت ہو چکی ہے جبکہ 85915 مریض شفایاب ہو چکے ہیں۔اس عالمی وبا کے مرکز چین میں اب تک 82798 افرادمتاثر ہوئے ہیں اور 4632 اموات ہوئی ہیں۔ اس وائرس کے حوالہ سے تیار کی گئی ایک رپورٹ کے مطابق چین میں ہونے والی ا موات کے 80 فیصد کیسز 60 سال سے زیادہ عمر کے لوگوں کے تھے ۔