استنبول :ترکیہ کے صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ ہمارے فلسطینی بھائی بہن 76 سال سے صرف ایک ہی خواب دیکھ رہے ہیں اور وہ خواب ایک دن اپنے گھروں اور اپنے وطن کی طرف واپس لوٹنے کا خواب ہے۔ اس حوالے سے ہم پر کچھ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔صدر طیب رجب اردغان نے کل شام منعقدہ 7 ویں بین الاقوامی بھلائی ایوارڈ تقریب سے خطاب کیا۔زیاد تر غزّہ پر اسرائیلی حملوں کے موضوع پر مبنی خطاب میں انہوں نے کہا ہے کہ اسرائیل کے قیام سے اب تک یعنی 76 سالوں سے ہمارے فلسطینی بھائی بہن اپنے وطن اور اپنے گھروں کو واپس لوٹنے کا خواب دیکھ رہے ہیں۔ ہم پر ان فلسطینی بہن بھائیوں کی کچھ ذمہ داریاں عائد ہوتی ہیں۔ ہم ان کی طرف سے لا پرواہی نہیں برت سکتے انہیں نظر انداز نہیں کر سکتے ۔جب تک مغرب، تمام تر دھونس دھاندلی اور تمام تر لاابالی پن کے باوجود، اسرائیل کے وزیر اعظم بنجامین نیتن یاہو کی حمایت کرتا رہے گا تب تک فلسطین میں جاری قتل عام پر قابو پانا ناممکن رہے گا۔غزّہ میں خون کی ندیاں بہانے میں جتنا ہاتھ قابضوں کا ہے اتنا ہی انہیں لاجسٹک اور عسکری امداد فراہم کرنے والوں کا بھی ہے۔صدر رجب طیب اردغان نے کہا ہے کہ اگر صیہونی استعماریت اسی طرح جاری رہی تو دنیا کو نئی جنگوں کے لئے تیّار رہنا چاہیے۔