نیویارک: یوروپی خلائی ایجنسی ( ای ایس اے) نے اپنے ایک بیان میں کہا ہے کہ انٹارکٹیکا کے منجمد کنارے سے برف کا ایک بہت بڑا ٹکڑا الگ ہوکر ویڈیل کے سمندری علاقہ میں آگیا ہے جس سے دنیا کے ایک سب سے بڑے آئس برگ یعنی برفانی تودے کا جنم ہوا ہے ۔ اس برفانی تودے کو اے۔76 کا نام دیا گیا ہے جس کا سائز سطح سمندر پر تقریباً چار ہزار 320 مربع کلومیٹر بتایا گیاہے ۔اس کی لمبائی 175 کلومیٹر جبکہ چوڑائی 25کلومیٹر کے قریب ہے ۔ اس طویل عرض کی بنا پر برف کا یہ تودہ اسپین کے معروف جزیرے میجروکا سے بھی بڑا ہے ۔ برف سے متعلق امریکی ادارے ’’ نیشنل آئس سنٹر ‘‘ نے بھی خلائی ادارے کی مدد سے لی جانے والی تصاویر کی بنیاد پر اس کی تصدیق کی ہے ۔اس علاقہ میں بڑے برفانی ٹکڑوں کا اپنی شیلف سے الگ ہوتے رہنما عموماً قدرتی عمل کا حصہ ہے تاہم بعض شیلف کے اندر چند برسوں کے دوران اس طرح کی ٹوٹ پھوٹ میں کافی تیزی سے اضافہ دیکھا گیاہے ۔ برف کے اعداد و شمار سے متعلق امریکی ادارے ، نیشنل اسنواینڈ آئس ڈیٹا سنٹر کے مطابق سائنس دانوں کا کہنا ہے کہ اس کی وجہ موسم میں ہونے والی تبدیلیاں ہوسکتی ہیں ۔
