سیول ۔ /22 مارچ (سیاست ڈاٹ کام) جنوبی کوریا نے الزام عائد کیا کہ ساری دنیا کورونا وائرس کی وباء سے پریشان ہے لیکن شمالی کوریا میزائل کرنے کے تجربہ میں مصروف ہے۔ شمالی کوریا نے 2 بالسٹک میزائل کا تجربہ کیا ہے ۔ جنوبی کوریا کے چیف آف اسٹاف نے دعویٰ کیا کہ شمالی کوریا نے اپنے صوبہ سونچون کے مشرقی ساحل کے کھلے سمندر میں مختصر رینج والے 2 بالسٹک میزائلوں کا تجربہ کیا ہے ۔ جنوبی کوریا کے فوجی سربراہ نے مزید کہا کہ کورونا وائرس کی تباہ کاریوں سے ہر شخص خوف میں مبتلا ہے اور عالمی طاقتیں اس مہلک وائرس سے بچنے کیلئے کمربستہ ہیں ۔ اس نازک مرحلہ میں بھی شمالی کوریا پر جنگی جنون سوار ہے ۔ اس پر شمالی کوریا کا کہنا ہے کہ میزائل تجربات پہلے سے طئے شدہ وقت پر کئے گئے ہیں جس کا مقصد جارحیت نہیں بلکہ اپنی سرحدوں اور عوام کا تحفظ ہے ۔ یہ حق ہمیں عالمی آئینی قوانین سے حاصل ہوتا ہے ۔ واضح رہے کہ صدر امریکہ ڈونالڈ ٹرمپ نے شمالی کوریا کے صدر سے 2 مرتبہ ملاقات کی ہے ۔ اس کے باوجود شمالی کوریا میزائل تجربات کو دوبارہ شروع کردیئے ہیں۔ کورونا وائرس سے شمالی کوریا فی الحال متاثر نہیں ہے ۔ جنوبی کوریا کے فوجی سربراہ نے مزید کہا کہ شمالی کوریا کے صدر کو چاہئیے کہ وہ کورونا وائرس کے پھیلاؤ کے پیش نظر احتیاط کریں ۔