دنیا کورونا وائرس کی ممکنہ وبا کیلئے تیار رہے: عالمی ادارہ صحت کا انتباہ

   

ایران، اٹلی اور جنوبی کوریا میں حالیہ کوروناوائرس کے کیسزمیں اضافہ تشویشناک
ڈبلیو ایچ او کے سربراہ تیدروس ادھانوم کی میڈیا سے بات چیت

جنیوا ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) عالمی ادارہ صحت ( ڈبلیو ایچ او) کے سربراہ تیدروس ادھانوم غیبریسوس نے دنیا کو خبردار کیا ہے کہ وہ نئے مہلک وائرس کورونا کو پھیلنے سے روکنے کے لیے تیار رہے اور اگر یہ ممکنہ طور پر وبائی صورت اختیار کرتا ہے تو وہ اس سے نمٹنے کے لیے بھی مستعد رہے۔تیدروس ادھانوم غیبریسوس نے جنیوا میں پیر کے روز صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے کہا ہے کہ ڈبلیو ایچ او کورونا وائرس سے ڈھائی ہزار سے زیادہ ہلاکتوں کے باوجود اس کو وبائی مرض خیال نہیں کرتی ہے لیکن ساتھ ہی انھوں نے کہا ہے کہ دنیا کے ممالک کو اس کے وبائی شکل اختیار کرنے کی صورت میں حالات کا مقابلہ کرنے کے لیے تیار رہنا چاہیے۔ڈبلیو ایچ او کے سربراہ نے کہا کہ ایران ، اٹلی اور جنوبی کوریا میں حالیہ دنوں میں کورونا وائرس کے کیسوں میں اچانک اضافہ گہری تشویش کا سبب ہے۔چین میں دسمبر کے آخر میں پھیلنے والے مہلک وائرس کورونا سے دنیا بھر میں گذشتہ قریباً دو ماہ میں سے 2600سے زیادہ اموات ہوچکی ہیں اور قریباً 80 ہزار افراد متاثر ہوئے ہیں۔یادرہے کہ 2002-2003ء میں پھیلنے والے سارس وائرس سے 774 ہلاکتیں ہوئی تھیں۔ کورونا وائرس پھیلنے کے بعد سے متعدد ممالک نے چین کے لیے اپنی تمام پروازیں معطل کردی ہیں۔ وہ اس مہلک وائرس کو پھیلنے سے روکنے کے لیے پیشگی حفاظتی تدابیر اختیار کررہے ہیں۔بعض ممالک نے چین سے آنے والی پروازوں کو اپنے ہوائی اڈوں پر اترنے کی اجازت دینے سے بھی انکار کردیا تھا۔چین سے باہر ایران میں کورونا وائرس سے سب سے زیادہ ہلاکتیں ہوئی ہیں۔اس کے بعد ترکی اور پاکستان نے ایران کے ساتھ اپنی زمینی سرحد بند کردی ہے۔

امریکہ طالبان معاہدے کی تقریب میں قطر نے پاکستان کو مدعو کیا
اسلام آباد ۔ 25 فبروری (سیاست ڈاٹ کام) وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو قطر کی جانب سے امریکہ طالبان امن معاہدے کی تقریب میں شرکت کی دعوت دی گئی ہے۔دفترخارجہ میں قطری سفیر صقر بن مبارک نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی سے ملاقات کی اور 29 فروری کو دوحہ میں امریکہ طالبان امن معاہدے پر دستخط کی تقریب میں شرکت کی خصوصی دعوت دی، قطری سفیر نے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو خصوصی دعوت نامہ بھی پیش کیا۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کو دعوت قطری ڈپٹی وزیراعظم اور وزیر خارجہ شیخ محمد بن عبد الرحمن الثانی کی جانب سے دی گئی۔
اس موقع پر شاہ محمود قریشی نے کہا کہ پاکستان، امریکہ طالبان معاہدے سے متعلق اعلان کا خیر مقدم کرتا ہے، پاکستان کا ہمیشہ سے موقف رہا ہے کہ افغان تنازعہ کا کوئی فوجی حل نہیں ہے۔وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے کہا کہ افغان مفاہمتی عمل کو آگے بڑھانے میں پاکستان اور قطر کا کلیدی کردار ہے، آ ج دنیا پاکستان کا موقف تسلیم کر رہی ہے، پاکستان پرامید ہے کہ امن معاہدے پر دستخط انٹرا افغان مذاکرات کی طرف لے جائیں گے۔