نیویارک : اقوام متحدہ کے ادارہ برائے مہاجرین نے کہا ہے کہ دنیا نے افغانستان کو امداد کی فراہمی کے جو وعدے کیے ہیں ان پر جلد از جلد عملدرآمد ہونا چاہیے۔ اقوام متحدہ کے ہائی کمشنر برائے مہاجرین کے ترجمان بابر بلوچ کے مطابق ذرائع کی کمی کے سبب افغانستان میں اقتصادی بحران سے بچاؤ اور مہاجرین کی ہمسایہ ممالک میں ہجرت کو روکنے کی کوششوں کو نقصان پہنچ رہا ہے۔ گزشتہ روز اسلام آباد میں اپنے ایک انٹرویو میں یو این ایچ سی آر کے ترجمان نے کہا کہ افغانستان میں انسانی حوالے سے شدید بحران برقرار ہے اور مہاجرین کے ایک اور بحران سے بچنے کے لیے افغانستان کے اندر کوششیں بڑھانے کی اشد ضرورت ہے۔