دنیا کو کورونا کا بڑا خطرہ درپیش : ڈبلیو ایچ او

   

جنیوا: عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) نے کہا ہے کہ کورونا وائرس کی قسم ڈیلٹا سریع الحرکت اور اب تک کی ایسی قسم ہے جو کمزور افراد کو تلاش کرکے ہلاک کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے ۔گزشتہ روز کی جانے والی نیوز کانفرنس کے دوران عالمی ادارے کے ہیلتھ ایمرجنسیز کے ایگزیکٹیو ڈائریکٹر ڈاکٹر مائیک ریان نے کہا کہ ڈیلٹا مزید جان لیوا ہوسکتی ہے کیونکہ انسانوں کے درمیان اس کی منتقلی بہت زیادہ مؤثر طریقے سے ہوتی ہے ۔انہوں نے کہا کہ ڈیلٹا قسم بتدریج ایسے کمزور افراد تلاش کرلے گی جو بہت زیادہ بیمار ہوجائیں گے ، ہسپتال میں داخل ہوگے اور ان کی ہلاکت کا خطرہ ہوگا۔انہوں نے کہا’کورونا کی یہ مخصوص قسم سریع الحرکت اور حالات سے مطابقت پیدا کرنے والی ہے ، جو سابقہ اقسام کے مقابلے میں کمزور افراد کو زیادہ افادیت سے منتخب کرتی ہے اور اگر لوگوں کی ویکسینیشن نہیں ہوئی تو وہ مستقبل میں خطرے کی زد میں ہوں گے ‘۔عالمی ادارہ صحت نے امیر ممالک سے مطالبہ کیا کہ وہ ڈیلٹا کے پھیلاؤ کی رفتار کو سست کرنے کیلئے غریب ممالک کو مزید ویکسینز عطیہ کریں۔
ڈبلیو ایچ او کی کووڈ 19 کی ٹیکنیکل ٹیم کی سربراہ ماریہ وان کرکوف نے کہا کہ ڈیلٹا قسم اب تک 92 ممالک تک پہنچ چکی ہے ۔انہوں نے کہا’بدقسمتی سے ہم اب تک درست مقامات پر لوگوں کی زندگیاں بچانے کے لیے ویکسینز فراہم نہیں کرسکے ۔