لندن : کوویڈ 19 کے خلاف ٹیکہ اندازی دنیا کی تاریخ کی سب سے بڑی مہم ہے جس کا آغاز ایک برس قبل 8 دسمبر 2020 کو برطانیہ سے ہوا۔فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق اس وقت تک دنیا کی تقریباً آدھی آبادی کو ویکسین کی کم سے کم ایک خوراک لگ چکی ہے۔تاہم جہاں ایک طرف امیر ممالک اپنے شہریوں کو ویکسین کی تیسری خوراک لگارہے ہیں وہیں غریب ممالک ابھی تک پہلی خوراک کا انتظار کررہے ہیں۔ ٹیکہ اندازی مہم میں یہ واضح عدم مساوات کورونا کی نئی قسم اومی کرون کے سامنے آنے کے ساتھ زیادہ شدت سے سامنے آئی ہے، جیسا کہ ضمنی اثرات اور لازمی ویکسین کی مخالفت پر تنازعات ہیں۔