دنیا کی 91 فیصد آبادی گھروں میں مقید

,

   

کورونا وائرس
واشنگٹن۔29 اپریل ۔( سیاست ڈاٹ کام ) ایک تحقیق کے مطابق کورونا وائرس کی وجہ سے دنیا کے 7 ارب 10 کروڑ افراد یا 91 فیصد عالمی آبادی وبا کے باعث گھروں میں رہنے پر مجبور ہے۔کورونا وائرس کی عالمی وبا کے باعث ممالک نے سیاحوں اور بعض اوقات اپنے شہریوں کیلئے سرحدیں بند کردی ہیں جس کے باعث سرحد پار نقل و حرکت دنیا کے بیشتر حصوں میں تعطل کا شکار ہے۔پیو ریسرچ سینٹر کی تحقیق کے مطابق اس وقت 7 ارب 10 کروڑ افراد ایسے ممالک میں رہائش پذیر ہیں جہاں دیگر ممالک سے آنے والے غیر رہائشی اور شہریت نہ رکھنے والے افراد کے آنے پر پابندی ہے۔مذکورہ تعداد بشمول سیاحوں، کاروباری مسافر اور نئے تارکین وطن سمیت دنیا کی 91 فیصد آبادی ہے جسے گھروں میں رہنے پر مجبور کیا گیا ہے۔اقوام متحدہ اور دیگر ایجنسیوں کی جانب سے فراہم کردہ اعداد و شمار کے مطابق لگ بھگ 3 ارب افراد یا دنیا کی آبادی کا 39 فیصد حصہ ایسے ممالک میں رہائش پذیر ہے جہاں غیر رہائشی یا شہریت نہ رکھنے والے افراد کے لیے سرحدوں کو مکمل طور پر بند کردیا گیا ہے۔