واشنگٹن ۔ دنیا کے بعض ممالک میں کورونا کی نئی لہر سے تشویش بڑھ رہی ہے کہ وبا قابو میں آنے کی بجائے مزید پھیل رہی ہے۔ عالمی سطح پر اب تک 90 لاکھ سے زیادہ افراد وبا سے متاثر ہوچکے ہیں جبکہ ہلاکتوں کی تعداد 4 لاکھ 71 ہزار سے تجاوز کر گئی ہے۔ سب سے زیادہ متاثرہ ملک امریکہ ہے، جہاں ایک لاکھ 20 ہزار سے زائد ہلاکتیں ہو چکی ہیں۔ امریکہ کی جن ریاستوں میں حکومتوں نے تیزی سے لاک ڈاؤن ہٹایا، وہاں کیسز میں نمایاں اضافہ دیکھا جا رہا ہے۔ صرف ریاست فلوریڈا میں کیسز کی تعداد ایک لاکھ سے بڑھ چکی ہے اور ہاسپٹلس میں صورتحال گمبھیر ہے۔ امریکہ کے علاوہ برازیل میں بھی مریضوں کی تعداد تیزی سے بڑھ رہی ہے اور پیر کو مزید 20 ہزار کیسز سامنے آئے۔ اسی طرح جنوبی ایشیا میں ہندوستان، پاکستان اور بنگلہ دیش میں بھی کاروبار کھولنے اور حفاظتی ہدایات پر عمل نہ کرنے کی وجہ سے مزید لوگ وبا کا شکار ہو رہے ہیں۔