دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کی تعمیر ، پہلی تصویر سوشل میڈیا پر مقبول

   

احمد آباد ۔9 جنوری (سیاست ڈاٹ کام ) ہندوستان میں دنیا کے سب سے بڑے اسٹیڈیم کا سنگ بنیاد گزشتہ برس گجرات کے شہر احمدآباد میں رکھا گیا، اس میدان کی تعمیر کی پہلی تصویری جھلکیاں سوشل میڈیا پر شائع کی گئی ہیں جو دیکھتے ہی دیکھتے مقبول ہوگئیں۔مٹیرا اسٹیڈیم نامی یہ میدان دنیا کا سب سے بڑا کھیلوں کا میدان بننے جا رہا ہے، اس گراونڈ میں ایک لاکھ 10 ہزار شائقین کے بیٹھنے کی گنجائش ہو گی۔ اس وقت دنیا کے سب سے بڑے میدان کا اعزاز آسٹریلیا کے میلبورن کرکٹ گراونڈ (ایم سی جی) کو حاصل ہے جس میں ایک لاکھ شائقین کی گنجائش ہے گجرات کرکٹ اسوسی ایشن کے مطابق تمام تر جدید و عالمی سہولیات سے آراستہ یہ منصوبہ 7 ارب ہندوستانی روپے میں مکمل ہوگا۔اس کی تعمیر حال میں مسمار کیے گئے سردار پٹیل اسٹیڈیم کی جگہ پرہوگی کیونکہ اس سابق میدان میں 50 ہزار تماشائیوں کے بیٹھنے کی گنجائش تھی۔ اس کرکٹ اسٹیڈیم میں 76 کارپوریٹ باکس، تین پریکٹس وکٹیں، ایک انڈور کرکٹ اکیڈمی، چار ڈریسنگ روم، ایک کلب ہاوس اور ایک اولمپک سائزکا سوئمنگ پول ہوگا اور اسے آئندہ 2 برس میں مکمل کرلیا جائے گا۔ اس اسٹیڈیم میں دسمبر 2011 تک 23 ونڈے کھیلے گئے ، اسی گراونڈ میں کرکٹ کے کئی تاریخی لمحات بھی درج ہوئے جس میں سابق کرکٹر سنیل گواسکر کا ٹسٹ کرکٹ میں دس ہزار رنز حاصل کرنا بھی شامل ہے۔ سچن تنڈولکر نے ٹسٹ میں پہلی بار دوسو رنز نیوزی لینڈ کے خلاف اسی گراونڈ پر بنائے تھے۔ واضح رہے ہندوستان میں مجموعی طور پر ایک درجن سے زیادہ ایسے اسٹیڈیم موجود ہیں، جہاں بین الاقوامی کرکٹ میچ کھیلے جاتے ہیں۔ یہ نیا اسٹیڈیم اپنی تعمیر کے بعد گجرات لائنز کا ہوم اسٹیڈیم بھی ہو گا، جو ہندوستان میں ٹی ٹوئنٹی کرکٹ کا انڈین پریمیئر لیگ ٹورنمنٹ کھیلنے والی آٹھویں ٹیموں میں سے ایک ہے۔ہندوستان میں اس وقت کولکتہ کے ایڈن گارڈن کو تاریخی اہمیت حاصل ہونے کے علاوہ شائقین کیلئے اس میں زیادہ گنجائش ہے اور اس میدان پر کئی ریکارڈ بنے ہیں۔