نیویارک : امریکی فوج کا کہنا ہے کہ اس کے جنگی جہاز ایف پینتیس بی لائٹنگ دوم کے مختلف حصہ ریاست جنوبی کیرولائنا سے مل گئے ہیں۔ یہ طیارہ اتوار سے لاپتہ تھا، جب اس کے پائلٹ نے ایک ’حادثے‘ کے سبب خود کو جہاز سے باہر نکال لیا تھا۔ امریکی فوج نے بتایا ہے کہ اسے ریاست جنوبی کیرولائنا کے ساحل سے لاپتہ ہونے والے اسٹیلتھ جنگی طیارہ کا ملبہ مل گیا ہے۔ فوجی حکام نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس (ٹوئٹر) پر اپنے ایک بیان میں کہا، کمیونٹی کے ارکان کو اس علاقہ سے گریز کرنا چاہیے کیونکہ امدادی ٹیم طیارہ کے ملبے والے علاقہ کو محفوظ بنانے میں مصروف ہے۔ اس بیان کے مطابق جوائنٹ بیس چارلسٹن نے مقامی حکام کے ساتھ قریبی ہم آہنگی سے کام کرتے ہوئے ولیمزبرگ کاؤنٹی کے ایک میدان میں اس طیارہ کے ملبے کا پتہ چلا لیا ہے۔ اتوار کی سہ پہر ایک نامعلوم تکنیکی خرابی کے بعد اس طیارہ کے پائلٹ نے خود کو اس ہوائی جہاز سے ایجیکٹ کر لیا تھا اور یوں امریکی فوج نے 80 ملین ڈالر مالیت کے اپنے اس اسٹیلتھ طیارہ سے اپنا رابطہ کھو دیا تھا۔