سنگاریڈی میں جماعت اسلامی کی جانب سے میگزین گیٹو رائے کی غیر مسلم حضرات میں تقسیم، محمد ذاکر حسین کا خطاب
سنگاریڈی ۔ روزہ رہنے سے نہ صرف انسان کا نفس پاک ہوتا ہے بلکہ جسم میں موجود مختلف قسم کے امراض کے جراثیم بھی ہلاک ہو جاتے ہیں اور بندے اور اللہ تعالیٰ سے اٹوٹ وابستگی ہو جاتی ہے، کئی ممالک میں سودی بینکنگ اور فینانشیل سسٹم کو ہر محاذ پر نقصان ہو رہا ہے۔ ایسے حالات میں دنیا بھر کے اسکالرس اسلامی بینکنگ سسٹم کو اپنانے اور لاگو کرنے پر غور و خوض شروع کرچکے ہیں۔ سنگاریڈی میں جماعت اسلامی ہند کی جانب سے شائع ہونے والی میگزین گیٹورائے کی غیر مسلم حضرات میں تقسیم کے ضمن میں منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے محمد ذاکر حسین ریاستی کونسلر تلنگانہ پروگریسیو ٹیچرس فیڈریشن (TPTF) و گزیٹیڈ ہیڈ ماسٹر نے کہا کہ قرآن شریف صرف مسلمانوں کی کتاب نہیں ہے یہ تمام عالم کے لوگوں کے لئے ہے۔ ہر مذہب کے لوگ اس سے مستفید ہوسکتے ہیں۔ دنیا کے ہر مسئلہ کا حل قرآن سے حاصل کرسکتے ہیں۔ اس موقع پر محمد ذاکر حسین نے گیٹورائے میگزین کو غیر مسلم بھائیوں کے حوالے کرتے ہوئے ان سے درخواست کی کہ اسے بغور پڑھیں۔ اس موقع پر محکمہ پولیس کی بھروسہ ٹیم، شی ٹیم اور دیگر نامور ایجوکیشنٹس موجود تھے۔ اس میگزین کو حاصل کرنے کے فوراً بعد سرسری طور پر پڑھ کر مدن گوپال جنرل سکریٹری، پی آر ٹی یو یونین نے میگزین کی کافی ستائش کی۔ رینوکا، پروینہ، لاونیا، گووردھن، ہیما لتا، سنیتا، میناکشی، سب انسپکٹران پولیس رانی، سبیتہ مارانیا، ناگیشم، پونیا نائک اور بھروسہ اور شی ٹیم کے عہدیدار اور دیگر افراد نے اس میگزین کو کافی پسند کیا اور اس میں موجود مضامین کی تعریف کی۔ ایم اے رحیم نے مہمانوں کا شکریہ ادا کیا۔