نئی دہلی، 28 اگست (یواین آئی ) ہندوستانی خارجہ سروس کے افسر دنیش کے پٹنائک کو کینیڈا میں ہندوستان کا نیا ہائی کمشنر مقرر کیا گیا ہے ۔ وزارت خارجہ نے بدھ کو کہا کہ وہ جلد ہی اپنا چارج سنبھالیں گے ۔انڈین فارن سروس کے 1990 بیچ کے افسر پٹنائک اسپین میں ہندوستان کے سفیر کے طور پر خدمات انجام دے رہے تھے ۔قابل ذکر ہے کہ کینیڈا میں ہندوستانی ہائی کمشنر کی تقرری گزشتہ جون میں جی-7 آؤٹ ریچ میٹنگ کے دوران وزیر اعظم نریندر مودی اور کینیڈا کے وزیر اعظم مارک کارنی کے درمیان تعلقات کو بہتر بنانے پر اتفاق رائے کے بعد کی گئی ہے ۔ اس ملاقات کے دوران دونوں رہنماؤں نے دہلی اور اوٹاوا میں ہائی کمشنروں کو بحال کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔جسٹن ٹروڈو حکومت نے ہندوستان پر الزام لگایا تھا کہ وہ دو سال قبل خالصتانی رکن ہردیپ سنگھ نجر کے قتل میں ملوث ہے ۔ ہندوستان نے اس کی واضح تردید کی تھی، ان الزامات نے دونوں ممالک کے تعلقات کو خراب کر دیا تھا۔ یہ تلخی اس حد تک پہنچ گئی کہ دونوں ممالک نے اپنے اپنے ممالک میں تعینات اپنے سفارت کاروں کو ملک بدر کر دیا۔