سرپور ٹاون۔/27 نومبر، ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز)متحدہ ضلع عادل آباد کے کئی اصلاع پر صبح کے وقت کہر کی وجہ تاریکی چھائی رہتی ہے۔سرپور ٹاؤن مستقر میں صبح کے اوقات کہر کی وجہ سے سارے گاؤں میں دھواں جیسا ماحول دکھائی دے رہا تھا۔ تفصیلات کے بموجب آج یعنی 27 نومبر کے روز فجر کی نماز کے بعد چاروں طرف کہر ہی کہر دکھائی دہا تھا۔ جس کی وجہ سے لوگوں کو دن کے آغاز کے بعد بھی اپنی اپنی موٹر گاڑیوں کو لائیٹ کے ذریعہ چلانا پڑرہا تھا کیونکہ کہر اتنا زیادہ تھا کہ آگے کا راستہ دکھائی نہیں دے رہا تھا۔ ایسا محسوس ہورہا تھا کہ سرپور ٹاؤن کا علاقہ کشمیر کے علاقہ میں تبدیل ہوگیا ، جس کی وجہ سے عوام اپنے اپنے مکانات میں ہی محفوظ رہے اور سارا علاقہ اور ساری سڑکیں خصوصاً ریاست مہاراشٹرا کو جانے والی سڑک سنسان دکھائی دے رہی تھی اور دن کے اوقات میں بھی رات جیسا منظر دکھائی دے رہا رتھا۔ جس کی وجہ سے ایک جگہ سے دوسری جگہ جانے کیلئے عوام کو گاڑیوں کی لائیٹس کھلے رکھنا پڑا دریں اثناء نمائندہ سیاست بھینسہ کے بموجب بھینسہ شہر میں صبح سورج طلوع ہونے کے بعد تقریباً 7:30 بجے شدید کہر چھاگیا تھا۔ شدید کہر کی وجہ سے شہر کے تمام علاقوں میں اندھیرا چھاگیا تھا جس کی وجہ سے موٹر گاڑیوں اور موٹر سیکلوں کو کافی دشواریاں کا سامنا کرتے دیکھا گیا۔ شدید کہر کے اندھیرے کی وجہ سے موٹر سیکل اور موٹر گاڑیوں کے ہیڈ لائیٹس کے علاوہ ہارن کا استعمال کرتے دیکھا گیا۔ بھینسہ میں ہر طرف آگ کے دھوئیں کا منظر نظر آرہا تھا اور سورج طلوع ہونے کے باوجود شدید کہر کی وجہ سے قدرت کا عجیب و دلکش نظارہ دکھائی دے رہا تھا اور کچھ دیر کیلئے کہر کے اندھیرے کی وجہ سے عوام میں بھی تجسس کا ماحول دیکھا گیا اور شدید کہر کی تاریکی کی وجہ سے ہر کوئی اللہ تعالیٰ کی وحدانیت اور عظمت کی بڑائی کرنے لگا۔ تقریباً آدھے ایک گھنٹے بعد کہر کی تاریکی دور ہوگئی اور سورج کی روشنی مکمل نمودار ہوگئی۔ عوام کا کہنا ہے کہ موسم سرما میں اکثر شبنم اور کہر ہوتا ہے لیکن آج جو منظر نمودار ہوا ہے روزانہ کے ماحول سے بالکل مختلف تھا۔