دن میں کانگریس چیف منسٹر اندھیرے میں تلگو دیشم ، بی جے پی کے دوست

   

سابق وزیر ٹی ہریش راؤ کا الزام، ریونت ریڈی کا سیاسی سفر دھوکہ دہی پر مشتمل
حیدرآباد ۔19 ۔ جنوری (سیاست نیوز) سابق وزیر اور اسمبلی میں بی آر ایس کے ڈپٹی لیڈر ٹی ہریش راؤ نے کھمم کے جلسہ عام میں چیف منسٹر ریونت ریڈی کے مخالف بی آر ایس ریمارکس پر سخت تنقید کی ہے ۔ ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ ریونت ریڈی تلگو دیشم کے غدار ہیں جنہوں نے کانگریس پارٹی میں شمولیت اختیار کی جبکہ این ٹی آر اپنی ساری زندگی کانگریس سے نفرت کرتے رہے۔ اس طرح ریونت ریڈی نے اپنی پارٹی اور لیڈر دونوں کے ساتھ دھوکہ کیا ہے۔ چیف منسٹر کے عہدہ پر برقرار رہتے ہوئے ریونت ریڈی کانگریس کے غدار بن چکے ہیں۔ انہوں نے راہول گاندھی اور سونیا گاندھی کے ساتھ دھوکہ دہی کرتے ہوئے بی جے پی اور مرکزی حکومت کے ساتھ خفیہ معاملت کرلی ہے ۔ ہریش راؤ نے الزام عائد کیا کہ کانگریس پارٹی ملک بھر میں بی جے پی کی مخالفت کر رہی ہے جبکہ ریونت ریڈی نے تلگو دیشم سے کھلے عام ہمدردی کا اظہار کیا ہے جو بی جے پی حکومت کی حلیف پارٹی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کے رویہ سے کانگریس کے مخالفین کو فائدہ پہنچ رہا ہے۔ ریونت ریڈی کے بیانات بی جے پی ۔تلگو دیشم اتحاد کے لئے فائدہ مند ہیں۔ ہریش راؤ نے ریمارک کیا کہ ریونت ریڈی دن کے وقت راہول گاندھی کا نام لیتے ہیں لیکن رات میں خفیہ طور پر بی جے پی اور تلگو دیشم سے روابط برقرار رکھے ہوئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کا مکمل سیاسی سفر ان کے سیاسی گرو چندرا باو نائیڈو کے اشارہ پر ہے۔ سونیا گاندھی کی جانب سے دیئے گئے چیف منسٹر کے عہدہ پر برقرار رہتے ہوئے کانگریس پارٹی کے اصولوں سے انحراف کرتے ہوئے بی جے پی اور چندرا بابو نائیڈو کا ساتھ دے رہے ہیں۔ انہوں نے ریونت ریڈی کو تلنگانہ کا غدار قرار دیا اور کہا کہ وہ پڑوسی ریاست آندھراپردیش کے مفادات کے تحفظ کیلئے کام کر رہے ہیں۔ آندھراپردیش کی جانب سے تعمیر کئے جارہے بنکاچرلا پراجکٹ کی تائید کی جارہی ہے ۔ ہریش راؤ نے نوٹ برائے ووٹ معاملہ میں ریونت ریڈی کے ملوث ہونے کا حوالہ دیتے ہوئے کہاک کہ چندرا بابو نائیڈو کی ایماء پر ایم ایل سی الیکشن میں ایک رکن کونسل کو خریدنے کیلئے ریونت ریڈی نے نقد رقم کا پیشکش کیا تھا اور وہ رنگے ہاتھوں پکڑے گئے تھے۔ انہوں نے کہا کہ ریونت ریڈی کی تاریخ دھوکہ دہی سے پُر ہے اور وہ ہر قدم پر جھوٹ بیانی سے کام لے رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ متحدہ آندھرا پردیش میں ریونت ریڈی نے علحدہ تلنگانہ کے حامیوں کو دھمکانے کی کوشش کی تھی۔ انہوں نے چیف منسٹر کے اشتعال انگیز بیان پر کارروائی کا ڈائرکٹر جنرل پولیس سے مطالبہ کیا۔1