اسکولی بچوں کی حفاظت کیلئے شروع کردہ مہم میں انکشافات کے بعد ٹریفک پولیس کا فیصلہ
حیدرآباد۔ 16 جولائی (سیاست نیوز) شہر حیدرآباد میں اب دن کے اوقات میں بھی ڈرنک اینڈ ڈرائیو کو منعقد کیا جائے گا یہ بات ایڈیشنل کمشنر آف پولیس ٹریفک حیدرآباد جوئل ڈیوس نے بتایا کہ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک حیدرآباد آج یہاں منٹ کمپاؤنڈ میں میڈیا کو مخاطب تھے۔ انہوں نے کہا کہ گزشتہ چند روز سے جاری خصوصی مہم کے نتائج کے بعد دن میں مہم کا فیصلہ کیا۔ انہوں نے بتایا کہ شہر میں اسکولی بچوں کی حفاظت کے لئے شروع کردہ مہم میں چونکا دینے والے انکشافات اور حقیقت کا ٹریفک پولیس کو سامنا کرنا پڑا۔ اس مہم میں ایسے ڈرائیورس کو حراست میں لیا گیا جو نشہ کی حالت میں گاڑی چلا رہے تھے جو اسکولی بچوں کی منتقلی پر مامور تھے۔ صبح کے اوقات اور شام کے اسکولی اوقات پر نشہ کی حالت میں گاڑی چلانے کے واقعات منظر عام پر آئے اور آج سے اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ ڈرنک اینڈ ڈرائیو کو دن کے اوقات بھی منعقد کیا جائے گا۔ جوئل ڈیوس نے کہا کہ وقت اور مقام کی کسی کو اطلاع نہیں دی جائے گی اور روایتی انداز میں مخصوص چوراہوں اور مقامات کے علاوہ کسی بھی وقت کسی بھی مقام پر ڈرنک اینڈ ڈرائیو ٹسٹ کو منعقد کیا جائے گا اور یہ کارروائی اچانک کئے جانے والے اقدامات کا حصہ ہوگی۔ ایڈیشنل کمشنر نے کہا کہ جاریہ سال 30 ہزار مقدمات ڈرنک اینڈ ڈرائیو کے تحت درج کئے گئے جن میں 1300 افراد کو عدالت نے جیل کی سزا سنائی جن میں ایک دن سے 20 دن تک کی سزائیں سنائی گئیں۔ انہوں نے بتایا کہ زیادہ تر حادثات کی وجوہات نشہ کی حالت میں گاڑی چلانا ہے۔ اس کے علاوہ حادثات کے تدارک اور شہر کی سڑکوں پر محفوظ ڈرائیونگ کے لئے کم عمر افراد کی جانب سے ڈرائیونگ اور رانگ روٹ ڈرائیونگ پر بھی کارروائی کی جائے گی۔ ایڈیشنل کمشنر ٹریفک نے بتایا کہ اسکول انتظامیہ کو اس بات کے لئے نوٹس جاری کرتے ہوئے ہدایت دی گئی ہے کہ وہ ہر دن صبح و شام اسکول بس ڈرائیورس کا ٹسٹ لیں اور خود ڈرائیورس کی جانچ کریں۔ انہوں نے اولیائے طلبہ سے درخواست کی کہ وہ ایسے ڈرائیورس پر بھروسہ نہ کریں جو نشہ کی حالت میں بچوں کو اسکولس لاتے اور لے جایا کرتے ہیں۔ جوئل ڈیوس نے کہا کہ اس مہم میں مزید شدت پیدا کی جائے گی۔ ع