دن کے اُجالے میں موٹر سائیکل سوار کو لوٹ لیا گیا

   

بھینسہ ۔27 فبروری ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) بھینسہ کے قریب موضع ماٹیگاؤں کے مصروف ترین چوراستہ پر دن کے اوقات میں ایک نوجوان کو لٹیروں کی جانب سے فلمی انداز میں لوٹ کر فرار ہونے کا تعجب خیز واقعہ پیش آیا ، جس کی وجہ سے عوام بالخصوص موٹرسائیکل سواروں میں شدید بے چینی پائی جارہی ہے ۔ بھینسہ رورل سب انسپکٹر آف پولیس سریکانت نے بتایا کہ ٹھاکر اویناش نامی موضع وانل پاڈ کا 34 سالہ نوجوان صبح کے اوقات میں بھینسہ پہنچ کر بھینسہ بس اسٹانڈ علاقہ میں موجود اے ٹی ایم مشین سے رقم نکال کر بذریعہ موٹرسائیکل اپنے موضع وانل پاڈ واپس ہورہا تھا کہ موضع ماٹیگاؤں ٹول پلازہ قومی شاہراہ 61 پر نامعلوم ایک مرد اور ایک خاتون نے موٹرسائیکل کو رکواکر ٹھاکر اویناش سے نرمل جانے کے لیے راستہ پوچھنے سے متعلق بات چیت کی اور اچانک ٹھاکر اویناش کے چہرے پر اسپرے مارا جس سے یہ بے ہوش ہوگیا اور ہوش میں آنے پر اس کے جیب میں موجود 60ہزار روپئے رقم کی عدم موجودگی پر سکتہ میں پڑگیا اور فوراً بھینسہ رورل پولیس اسٹیشن پہنچ کر ایک مقدمہ نامعلوم لٹیروں کے خلاف درج کروایا جس پر بھینسہ رورل پولیس مصروف تحقیقات ہے۔