کیلیفورنیا، 23 جولائی (یواین آئی) اس سال گرمیوں کے موسم میں زمین کی رفتار بڑھنے کی وجہ سے دن قدرے چھوٹے ہو گئے ہیں، جس کی وجہ سے سائنسدانوں کو وقت کے حساب کتاب پر خصوصی توجہ دینی پڑی ہے ۔انٹرنیشنل ارتھ روٹیشن اینڈ ریفرنس سسٹم سروس اور یو ایس نیول آبزرویٹری کے ڈیٹا سے یہ بات سامنے آئی ہے کہ 10 جولائی اب تک کا سب سے چھوٹا دن تھا جو 24 گھنٹے سے 1.36 ملی سیکنڈکم ریکارڈ کیا گیا۔ ایک اور حیران کن بات جو سامنے آئی وہ یہ تھی کہ 22 جولائی کو دن 24 گھنٹے سے 1.34 ملی سیکنڈ چھوٹا تھا۔ یہی نہیں، اندازہ ہے کہ آنے والے 5 اگست کا دن بھی 24 گھنٹے سے 1.25 ملی سیکنڈ کم ہو سکتا ہے ۔سائنسدانوں کے مطابق، ایک دن کی لمبائی وہ وقت ہے جو زمین اپنے محور پر ایک گردش مکمل کرنے میں لیتی ہے ۔ یہ اوسطاً 24 گھنٹے یا 86,400 سیکنڈ ہوتا ہے ۔ لیکن حقیقت میں، چاند کی کشش ثقل، زمین پر موسمی تبدیلی اور زمین کے اندرونی کور کے اثر جیسی چیزوں کی وجہ سے زمین کا گھومنا قدرے آگے پیچھے ہوجاتا ہے ۔ اس کا اثر یہ ہوتا ہے کہ ایک مکمل گردش عام طور پر 86,400 سیکنڈ سے تھوڑا کم یا زیادہ لیتی ہے ۔