وائرس کے نام مریضوں میں خوف پیدا کرنے کی اطلاعات، علاج و انجکشن کے نام ہزاروں روپیوں کی وصولی
حیدرآباد۔دواخانوں کی لوٹ کھسوٹ پر حکومت اور محکمہ صحت کے علاوہ ضلع انتظامیہ کنٹرول کرنے میں اب تک بھی ناکام ہے اور حکومت کی جانب سے جاری کی جانے والی نوٹسوں کے باوجود شہر حیدرآباد میں چلائے جانے والے دواخانوں پر اس کا کوئی اثر نہیں ہورہا ہے بلکہ اب وہ دواخانے بھی کورونا وائرس کے نام پرعوام کو لوٹ رہے ہیں جنہیں کورونا وائرس کے علاج کی اجازت حاصل نہیں ہے اور کورونا وائرس سے خوفزدہ کرتے ہوئے مریضوں کے رشتہ داروں کو دھوکہ میں رکھا جا رہاہے ۔ کورونا وائرس کے علاج کے نام پر کارپوریٹ اور خانگی دواخانو ںکی جانب سے لاکھوں روپئے کی وصولی کی شکایات کے بعد تلنگانہ حکومت کی جانب سے شکایات کے ازالہ کے لئے واٹس اپ نمبر جاری کیا گیا اور ضلع واری اساس پر کاروائی کے لئے کمیٹیوں کی تشکیل عمل میں لائی گئی لیکن اس کے باوجود دواخانوں کی صورتحال جوں کی توں برقرار ہے۔ شہر حیدرآباد کے سلم علاقوں کے قریب چلائے جانے والے خانگی دواخانو ںمیں کورونا وائرس کے نام پر لاکھوں روپئے وصول کئے جانے لگے ہیں اور کورونا وائرس کے علاج کے لئے استعمال کئے جانے والے انجکشن کے لئے ہزاروں روپئے وصول کئے جا رہے ہیں۔ سرکردہ دواخانو ںکی جانب سے جہاں کورونا وائرس کے مریضوں کے معائنوں کے بجائے ان کے ایچ آرسی ٹی اسکان کی بنیاد پر ان کا کورونا وائرس کا علاج کیا جارہا ہے اور لاکھوں روپئے وصول کرتے ہوئے یہ کہا جا رہاہے کہ مریض کا کورونا وائرس کا معائنہ ہی نہیں کیا گیا تو اس مریض کے علاج کیلئے دواخانہ اپنی تعین کردہ فیس وصول کرسکتا ہے کیونکہ حکومت کی جانب سے جاری کردہ احکام کے مطابق کورونا وائرس کے علاج کیلئے دواخانہ میں شریک ہونے والوں کیلئے قیمتوں کا تعین کیا گیا ہے۔ شہر حیدرآباد بالخصوص پرانے شہر میں کورونا وائرس کی رپورٹ کے نام پر بھی عوام کو دھوکہ دیا جا رہاہے اور خوف پیدا کرتے ہوئے ان سے لاکھوں روپئے وصول کئے جانے لگے ہیں۔ شہر حیدرآباد کے دواخانو ںکی جانب سے جاری اس لوٹ کھسوٹ کے خلاف چلائی جانے والی مہم کے باوجود محکمہ صحت اور ضلع انتظامیہ کی جانب سے کسی قسم کی کوئی کاروائی نہ کئے جانے کے سبب دواخانوں کے انتظامیہ کے حوصلوں میں اضافہ ہونے لگا ہے ۔ ان دواخانوں میں خدمات انجام دینے والے ڈاکٹرس کا کہناہے کہ وہ صرف علاج و معالجہ کی خدمات انجام دے رہے ہیں جبکہ دواخانوں کے انتظامیہ کی جانب سے بلوں کی تیاری و وصولی سے ان کا کوئی تعلق نہیں ہے ۔ شہر حیدرآباد میں کورونا وائرس کی دہشت پر قابو پانے کے لئے حکومت کی جانب سے متعدد اقدامات کئے جا رہے ہیں لیکن خانگی دواخانوں کی جانب سے کورونا وائرس کی دہشت پیدا کرتے ہوئے عوام کو لوٹنے کا سلسلہ جاری رکھا گیا ہے۔