دواخانہ عثمانیہ کی خستہ حالی پر حکومت کی مسلسل لاپرواہی

   

پنکھا گرنے کے واقعہ پر احتجاجی مظاہرہ ، مرمتی کام فوری شروع کرنے متعلقہ حکام سے مطالبہ
حیدرآباد۔26اکٹوبر(سیاست نیوز) عثمانیہ دواخانہ میں پنکھا گرنے کے واقعہ کے خلاف جونئیر ڈاکٹرس نے آج لنچ کے وقفہ کے دوران احتجاجی مظاہرہ کرتے ہوئے حکومت کی جانب سے دواخانہ میں سہولتو ںکو نظر انداز کئے جانے اور ڈاکٹرس کے مطالبات کی عدم تکمیل پر افسوس ظاہر کیا گیا ۔احتجاجی ڈاکٹرس نے پنکھا گرنے کے واقعہ میں زخمی ڈاکٹر بھو نیشوری سے اظہار یگانگت کرتے ہوئے کہا کہ دواخانہ کی حالت کو بہتر بنانے کے سلسلہ میں متعدد نمائندگیاں کی جاچکی ہیں لیکن ا س کے باوجود دواخانہ کے انتظامیہ اور محکمہ صحت کی جانب سے دواخانہ کی حالت کو بہتر بنانے پر توجہ نہیں دی جا رہی ہے جو کہ انتہائی افسوسناک ہے۔ پنکھا گرنے کے سبب پیش آنے والے حادثہ کے خلاف احتجاج کرنے والے جونئیر ڈاکٹرس نے بتایا کہ ریاست تلنگانہ میں گذشتہ دو برس سے حکومت کی جانب سے دواخانہ عثمانیہ میں خدمات کو بہتر بنانے کے علاوہ سہولتوں کی فراہمی کے اقدامات کے دعوے کئے جا رہے ہیں لیکن عملی طور پر اگر اقدامات کا جائزہ لیا جائے تویہ بات سامنے آتی ہے کہ عثمانیہ دواخانہ کی بہتری کے لئے کوئی اقدامات نہیں کئے گئے ہیں۔ احتجاجی ڈاکٹرس نے بتایا کہ پرانی عمارت کی خستہ حالی پر اور پلاسٹر گرنے کے واقعات کے بعد ڈاکٹرس کو خطرات کا سامنا کرتے ہوئے خدمات انجام دینی پڑرہی تھیں اور اب پنکھے گرنے لگے ہیں لیکن ڈاکٹرس کی زندگی کی کسی کو پرواہ نہیں ہے۔ انہو ںنے بتایا کہ دواخانہ میں موجود پنکھوں کی صورتحال دیکھی جائے تو یہ بات واضح ہے کہ مستقبل میں بھی اس طرح کے واقعات پیش آسکتے ہیں اور ان واقعات کے تدارک کے لئے فوری مرمتی کاموں کا آغاز کرنا پڑے گا۔جونئیر ڈاکٹرس نے بتایا کہ دواخانہ انتظامیہ کی کارکردگی کا اندازہ اس بات سے لگایا جاسکتا ہے کہ گذشتہ دنوں دواخانہ میں ائیر کنڈیشن کا سرقہ ہوا تھا جس کی پولیس میں شکایت درج کروائی گئی اور پیر کے دن پنکھا ڈاکٹر کے سر پر گرنے کا واقعہ پیش آیا ۔ جونئیر ڈاکٹرس کا کہناہے کہ ائیر کنڈیشن کا سرقہ کرنا کوئی آسان کام نہیں ہے لیکن اس سرقہ سے اندازہ ہوتا ہے کہ دواخانہ میں موجود برقی اشیاء کو کس حد تک مضبوط رکھا گیا ہے ۔ ڈاکٹرس نے محکمہ صحت کے عہدیداروں سے مطالبہ کیا کہ فوری دواخانہ کو محفوظ بنانے کے اقدامات کئے جائیں اور برقی پنکھوں کی از سر نو تنقیح کے اقدامات کئے جائیں بصورت دیگر جونئیر ڈاکٹرس اسوسیشن کی جانب سے لنچ کے وقفہ میں احتجاجی مظاہرہ کے ساتھ طویل مدتی احتجاج کے آغاز کا فیصلہ کیا جائے گا۔م