قلی قطب شاہ بلاک کی بہتری اور مرمت کے کاموں کی اندرون تین ماہ تکمیل کی ہدایت
حیدرآباد۔یکم۔مارچ(سیاست نیوز) حکومت تلنگانہ کی جانب سے دواخانہ عثمانیہ کی خوبصورتی میں اضافہ کے اقدامات کو منظوری دی گئی ہے اور دواخانہ کے نئے قلی قطب شاہ بلاک کو بہتر بنانے کے علاوہ دواخانہ کی کمپاؤنڈ وال کو منہدم کرتے ہوئے از سر نو تعمیر کے علاوہ اندرونی حصہ میں مرمت کے کاموں اور دیگر امور کو اندرون تین ماہ مکمل کرنے کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ ریاستی حکومت کی جانب سے دواخانہ عثمانیہ کی خوبصورتی میں اضافہ کے لئے حیدرآباد گروتھ کاریڈور لمیٹڈ کے علاوہ حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے اشتراک سے 63 لاکھ روپئے کے اخراجات کے ساتھ ان کاموں کو مکمل کرنے کا فیصلہ کیاگیا ہے۔ ذرائع کے مطابق ریاستی حکومت کی جانب سے دی گئی منظوری میں موجودہ عمارت کو بہتر بنانے اورتاریخی عمارت کو دیدہ زیب بنانے کے اقدامات کرنے کی بھی اجازت دے دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ دونوں عمارتوں کو جوڑنے والی راہداری کو بھی بہتر بناتے ہوئے دواخانہ کے اندرونی حصہ اور احاطہ میں حالات کو بہتر بنانے کا مشورہ دیا ہے۔ محکمہ صحت کی جانب سے دی جانے والی ہدایا ت کو ریاستی حکومت کی منظوری کے بعد محکمہ بلدی نظم و نسق کی جانب سے ان کاموں کا تخمینہ لگاتے ہوئے انہیں اندرون تین ماہ مکمل کرنے کے اقدامات کا جائزہ لینا شروع کردیا ہے اور کہا جار ہاہے کہ جلد ہی ان کاموں کے آغاز کے سلسلہ میں احکامات کی اجرائی عمل میں لائی جائے گی۔ محکمہ بلدی نظم ونسق کے عہدیدارو ںنے بتایا کہ اس سلسلہ میں حیدرآباد میٹروپولیٹین ڈیولپمنٹ اتھاریٹی کے ذمہ دارو ںکو ٹنڈر طلب کرنے کی ہدایت دے دی گئی ہے اور کہا گیا ہے کہ وہ تیار کردہ منصوبہ کے مطابق کاموں کی انجام دہی کے سلسلہ میں ٹنڈر طلب کرتے ہوئے کام حوالہ کرنے کے سلسلہ میں اقدامات کریں۔ حکومت تلنگانہ کی جانب سے دواخانہ عثمانیہ کی تاریخی عمارت کی آہک پاشی اور اسے دیدہ زیب بنانے کے اقدامات کی اجازت دئیے جانے کے بعد کہا جا رہاہے کہ ریاستی حکومت کی جانب سے عثمانیہ دواخانہ کی تاریخی عمارت کو منہدم کرنے یا دواخانہ عثمانیہ کی جگہ ہمہ منزلہ عمارتوں کی تعمیر کے ذریعہ ملٹی اسپشالیٹی دواخانہ کی تعمیرکا منصوبہ ترک کردیا گیا ہے لیکن محکمہ صحت کے عہدیداروں کا کہناہے کہ ریاستی حکومت نے دواخانہ کی تعمیر کے منصوبہ سے دستبرداری اختیار نہیں کی ہے بلکہ جو منصوبہ ابھی تیار کیا گیا ہے اس کے مطابق دواخانہ کی حالت میں فوری طور پر بہتری لاتے ہوئے اسے خوبصورت بنانا ہے۔