دواخانہ عثمانیہ کی نئی عمارت کے تعمیراتی کاموں کا آغاز

   

2000 بستروں کے ساتھ عصری سہولتیں دستیاب رہیں گی ۔ 12 منزلہ عمارت میں 29 آپریشن تھیٹرس کی فراہمی

حیدرآباد 2 اکٹوبر (سیاست نیوز) دواخانہ عثمانیہ کی نئی عمارت کی تعمیر کا آج دسہرہ کے موقع پر مذہبی رسومات اور خصوصی پوجا کے ساتھ آغاز ۔ گوشہ محل اسٹیڈیم پر حکومت نے دواخانہ عثمانیہ کی نئی عمارت کی تعمیر کا سنگ بنیاد رکھنے کے بعد کاموں کی ذمہ داری میگھا انجنیئرنگ اینڈ انفراسٹرکچر کمپنی لمیٹڈ کو تفویض کی تھی ۔ چیف منسٹر ریونت ریڈی نے دواخانہ عثمانیہ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ کر 2000 بستروں پر مشتمل عصری سہولتوں کا دواخانہ تعمیر کرنے کا اعلان کیا تھا۔ حکومت سے سنگ بنیاد کے بعد طلب ٹنڈرس میں میگھا انجنیئرنگ و انفراسٹرکچر کمپنی نے دواخانہ کی نئی عمارت کی تعمیر کا ٹھیکہ حاصل کیا ہے۔ کمپنی کے ڈائرکٹر کے گوردھن ریڈی نے آج دسہرہ کے موقع پر گوشہ محل اسٹیڈیم میں خصوصی پوجا کرتے ہوئے تعمیراتی کام کا آغاز کردیا ہے۔ انہوں نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت نے دواخانہ کی تعمیر کیلئے جو وقت مقرر کیا ہے اس کے مطابق کاموں کو مکمل کرلیا جائے گا اور عثمانیہ دواخانہ کی نئی عمارت کو عصری کارپوریٹ دواخانوں کے طرز پر تعمیر کیا جائیگا جہاں تمام عصری سہولتیں موجود رہیں گی۔ مسٹر گوردھن ریڈی نے بتایا کہ دواخانہ کو خانگی کارپوریٹ دواخانہ طرز پر تعمیر کیا جائے گا اور اس میں عصری سہولتوں کی فراہمی میں کوئی کوتاہی نہیں کی جائے گی بلکہ تمام عصری سہولتوں کی موجودگی کو یقینی بنانے کے ساتھ بہترین آلات کی تنصیب عمل میں لائی جائیگی۔ جاریہ سال 31 جنوری کو چیف منسٹر ریونت ریڈی نے قلب شہر میں گوشہ محل اسٹیڈیم کی 26 ایکڑ اراضی پر جدید سہولتوں سے آراستہ دواخانہ عثمانیہ کی نئی عمارت کا سنگ بنیاد رکھ کر اعلان کیا تھا کہ حکومت دواخانہ عثمانیہ کی تاریخی عمارت کو محفوظ کرکے دواخانہ کو نئی عمارت میں منتقل کرنے کے اقدامات کرے گی۔ سنگ کے بعد کیاگیا تھا کہ اندرون دو سال دواخانہ عثمانیہ کی نئی عمارت کی تعمیر کو مکمل کرلیا جائے گا اور 12 منزلہ عمارت میں 2000 بستروں کی سہولت فراہم کرنے کے علاوہ دیگر طبی سہولتوں کی فراہمی کو یقینی بنایا جائیگا ۔ عثمانیہ دواخانہ کی نئی عمارت کی تفصیلات کے مطابق دواخانہ کی وسیع و عریض عمارت میں ہیلی پیاڈ کی سہولت بھی موجود رہے گی جبکہ 29 بڑے آپریشن تھیٹر اور 12 چھوٹے سرجری کیلئے آپریشن تھیٹر تعمیر کئے جائیں گے۔ دواخانہ میں روبوٹک سرجری کیلئے علحدہ آپریشن تھیٹر تعمیر ہونگے اور پیوندکاری کیلئے بھی سہولتوں کی فراہمی عمل میں لائی جائے گی۔ اس عمارت میں پارکنگ کیلئے دو سیلر تعمیر کئے جائیں گے جس میں ڈاکٹرس اور مریضوں کے رشتہ داروں کی گاڑیوں کو رکھنے سہولت حاصل رہے گی۔ دواخانہ کے ساتھ سیوریج ٹریٹمنٹ پلانٹ‘ نرسنگ ‘ ڈنٹل ‘ فزیوتھراپی کالجس کی عمارتوں کی تعمیر کے علاوہ بائیو میڈیکل ویسٹ مینجمنٹ پلانٹ تعمیر کئے جائیں گے ۔3