دواخانہ میں مسلمانوں کے ڈاکٹروں سے رجوع ہونے پر امتناع

   

کریم نگر کے خانگی دواخانہ کے ملازم کا پریشان خاتون کو جواب
حیدرآباد ۔ /14 اپریل (سیاست نیوز) کریم نگر کے ایک خانگی ہاسپٹل کے ملازم کی مبینہ شرپسندی نے ایک خاندان کو الجھن میں ڈال دیا ۔ بتایا جاتا ہے کہ کریم نگر کے متوطن خاتون روبینا نے اپنے بچے کی طبعیت خراب ہونے پر کریم نگر کے اولگا ہاسپٹل کو فون کیا ۔ جس کے نتیجہ میں وہاں کے ایک ملازم نے فون پر یہ جواب دیا کہ اس دواخانہ میں مسلمانوں کو ڈاکٹر سے رجوع ہونے پر پابندی ہے ۔ دواخانہ سے یہ جواب حاصل ہونے پر خاتون اور اس کے افراد خاندان پریشان ہوگئے اور دواخانہ کے انتظامیہ سے کی گئی گفتگو کی ریکارڈنگ کو سوشیل میڈیا پر وائرل کردیا ۔ اس بات کا علم ہونے پر پولیس کمشنر کریم نگر مسٹر وی بی کملاسن ریڈی نے اس معاملہ کی تحقیقات کا حکم دیا اور یہ پتہ لگایا کہ خاتون کو فون پر غلط اطلاع دینے والا شخص کوئی اور نہیں وہاں کا لیاب ٹیکنیشین معین احمد ہے ۔ یہ معاملہ کی حقیقت سامنے آنے پر پولیس نے لیاب ٹیکنیشین کو حراست میں لیکر تفتیش کی جس میں اس نے انکشاف کیا کہ اس نے دانستہ طور پر خاتون کو علاج سے متعلق غلط اطلاع دی تھی ۔ پولیس نے اسے یہ انتباہ دیا کہ اس قسم کی حرکت اگلی مرتبہ نہ کریں ۔