فیروزآباد : اترپردیش کے فیروزآباد میں ایک خانگی دواخانہ کو مہر بند کردیا گیا ہے کیونکہ وہاں زائد از 30 مریض جو بخار میں مبتلا تھے ، دواخانہ سے متصل گلی میں رکھے گئے تھے اور وہیں ان کا علاج کیا جارہا تھا ۔ یہ دواخانہ ایک مصروف قومی شاہراہ کے فلائی اوور سے متصل دیوار کے پاس واقع ہے ۔ دواخانہ کے بازو گلی میں زیرعلاج مریضوں کی قطارسوشیل میڈیا پر وائرل ہوگئی ۔ اس کے بعد محکمہ صحت کے عہدیداروں کو مریضوں کے خاندانوں کے شدید غم و غصہ کا سامنا کرنا پڑا کہ ان کے رشتہ داروں کا آسمان تلے علاج کیا جارہا ہے ۔ چنانچہ محکمہ صحت نے اس دواخانہ کو مہر بند کردیا ۔ بعد ازاں مریضوں کو گورنمنٹ ہیلت سنٹرس منتقل کیا گیا ۔ ذرائع کے بموجب خانگی دواخانہ کے رومس پوری طرح مریضوں سے بھرے تھے ۔ اس لئے دواخانہ کے ذمہ دار نئے مریضوں کو بھرتی نہیں کرسکے ۔ لیکن مریض وہاں سے کسی اور جگہ نہیں گئے اور اس لئے وہیں پر ان کا علاج شروع ہوگیا ۔