دوا ’’الپرازولم ‘ سمِ قاتل ، ڈرگس کے خاتمہ کیلئے پولیس چوکس : ایس پی

   

سنگاریڈی میں 3.50 لاکھ روپئے ممنوعہ دوا برآمد ، 3 افراد گرفتار ، ضلع کو منشیات سے پاک بنانے کی کوشش

سنگاریڈی ۔31 ڈسمبر ۔ ( سیاست ڈسٹرکٹ نیوز ) چینوری روپیش آئی پی ایس مہتمم پولیس ضلع سنگاریڈی نے ڈسٹرکٹ پولیس آفس سنگاریڈی میں پریس کانفرنس کو مخاطب کرتے ہوے کہا کہ ضلع سنگاریڈی کے گمڈدلہ میں ممنوعہ نشہ آور الپرازولم مالیت ساڑھے تین لاکھ روپئے کے علاوہ ایک بائیک، چار سیل فونس کو ضبط کرلیا جبکہ تین افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق آج صبح تقریباً 11 بجے سی سی ایس ٹیم اور گمڈ دلہ پولیس نے گمڈدلہ روڈ ٹول پلازہ پر گاڑیوں کی تلاشی لے رہی تھی کہ اسی دوران ایک بغیر نمبر پلیٹ بائیک نظر آئی جس کو روک کر تلاشی لی گئی جس پر بائک میں 350 گرام ممنوعہ الپرازولم مالیت 3.50 لاکھ برآمد کرتے ہوے تین افراد کو گرفتار کرلیا۔ ملزمین الپرازولم کو حیدرآباد میں زیادہ قیمت پر فروخت کرنے جا رہے تھے۔ ایک ملزم مفرور بتایا جاتا ہے۔ سی ایچ روپیش ایس پی نے کہا کہ الپرازولم ایک سست زہر کی طرح ہے ۔ بہت سے نوجوان اورطلباء منشیات ؍چرس کے عادی ہو تے ہوے مختلف جرائم اور دیگر سماج دشمن سرگرمیوں کا ارتکاب کررہے ہیں۔ منشیات کی اس لعنت کی وجہ سے بہت سے طلبہ و نوجوان اپنا مستقبل تباہ کر رہے ہیں اور بہت سے خاندان اس سے پریشان ہیں۔ ڈرگس جیسی لعنت کے خاتمہ کیلئے سنگاریڈی ضلع پولیس اور TG-NAB خصوصی مہم چلا رہی ہے اور عوام سے اپیل کی جاتی ہے کہ ڈرگس اور ممنوعہ نشہ کی چیزوں سے نوجوانوں اور طلباء کو دور رکھنے خود بھی کام کریں اور ایسی غیر قانونی سرگرمیوں کی اطلاع فوری پولیس کو دیں۔ آپ کو اپنے آس پاس کے علاقوں میں کوئی بھی مشکوک اور خفیہ سرگرمیاں نظر آئیں تو فوری طور پر ضلع پولیس کے ایس نیب نمبر 8712656777 پر اطلاع دیں۔ اطلاع دینے والوں کی تفصیلات صیغہ راز میں رکھی جائیں گی۔ ایس پی نے کہا کہ عوام کو سماج دشمن سرگرمیاں روکنے اور ضلع کو منشیات سے پاک بنانے میں اپنا کردار ادا کرناچاہئے۔ اس موقع پر ایڈیشنل ایس پی اے سنجیوا راؤ، پٹن چیرو ڈی ایس پی رویندر ریڈی، سی سی ایس انسپکٹر شیوا کمار، جنارام انسپکٹر نعیم الدین، سی سی ایس عملہ اور دیگر نے حصہ لیا۔