دوبئی میں مہارانا پرتاپ ودیگر کے مجسمے ہونگے

   

بیکانیر: راجستھان کے ویر شرومنی اور ہلدی گھاٹی جنگ کے فاتح ، مہارانا پرتاپ ، سابق رانی پدمنی اور گنگنہر کی تعمیر کرکے راجستھان کے بھاگیرتھ کہلانے والے مہاراجہ گنگا سنگھ کے مجسمے دوبئی میں نصب کئے جائیں گے ۔سابق شاہی خاندان سے تعلق رکھنے والے ایم ایل اے سدھی کماری کے پرسنل سکریٹری سدھیر ویاس نے آج یہ اطلاع دیتے ہوئے بتایا کہ یہ مجسمے دوبئی کے شارجہ میں سمندر کے کنارے چوکی دھانی ریزورٹ میں نصب کیے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مجسمے جے پور میں واقع انڈین آرٹ اسٹوڈیو میں مجسمہ ساز مہاویر بھارتی اور نرملا کولہاری نے تیار کئے ہیں۔ چوکی دھانی کے ڈائریکٹر مہول وسنانی کے مطابق ان شخصیات کے مجسمے جلد ہی دوبئی میں نصب کیے جائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ ان مجسموں کے ساتھ ساتھ ان کی زندگی سے متعلق اہم معلومات بھی تختی پر کندہ کی جائیں گی۔ ان کی تنصیب سے دوبئی ایکسپو میں آنے والے سیاحوں کو ان شخصیات کے منفرد مجسمے دیکھنے کا موقع ملے گا جو ہندوستان کی شاندار تاریخ کا اہم حصہ رہے ہیں۔