دوبئی 5 اپریل ( سیاست ڈاٹ کام ) دوبئی روڈ ٹرانسپورٹ اتھارٹی کے اعلان کے مطابق یو اے ای کے سیاحتی اور کاروباری مرکز دوبئی میں میڑو ٹرین اور ٹرام سروس اتوار سے تااطلاع ثانی بند رہے گی۔گرین اور ریڈ لائن پر دوبئی میٹرو کے تمام سٹیشنز بند رہیں گے۔ادھر دبئی آر ٹی اے نے اعلان کیا ہے کہ دو ہفتوں کے اسٹرلائیزیشن پروگرام کے دوران جن افراد کو گھروں سے نکلنے کی خصوصی اجازت ہے، وہ شہر میں ایک سے دوسری جگہ جانے بس سروس بغیر کسی فیس کے حاصل کر سکیں گے۔ اس مقصد کیلئے ’ٹول‘ کارڈ چارج نہیں کیا جائے گا۔آر ٹی اے نے مزید اعلان کیا کہ دوبئی ٹیکسی اور اس کے زیر انتظام چلنے والی فرنیچائرڈ ٹیکسی گاڑیاں مجاز مسافروں کو پچاس فیصد رعایت دیں گی۔ دوسری جانب متحدہ عرب امارات نے ملک گیرصفائی پروگرام کو مزید توسیع دینے کا فیصلہ کیا ہے۔ یو اے ای کی وزارت داخلہ اور وزارت صحت نے ایک بیان میں اس کی تصدیق کی ہے۔ خبررساں ایجنسی وام کے مطابق دونوں وزارتوں نے کہا ہے کہ اب صفائی پروگرام میں ملک میں شامل تمام امارتوں کے مزید اداروں اور تنصیبات کو شامل کیا جائے گا۔ اس پروگرام کا عالمی ادارہ صحت کی منظور شدہ سفارشات کی روشنی میں جائزہ لیا جائے گا۔یو اے ای کی حکومت نے کرونا وائرس کو پھیلنے سے روکنے 26 مارچ کو صفائی کی قومی مہم شروع کی تھی، گذشتہ اس میں پانچ اپریل تک توسیع کی گئی تھی اور یہ اتوار کو ختم ہونے والی تھی۔اب اس میں مزید ایک ہفتے کی توسیع کردی گئی ہے۔اس پروگرام کے دوران میں رات آٹھ بجے سے صبح چھے بجے تک کرفیونافذ ہوتا ہے اور لوگوں کو گھروں میں رہنے کی ہدایت ہے۔ وام نے دونوں وزارتوں کے حوالے سے کہا کہ صفائی پروگرام میں توسیع کا فیصلہ اس کے کامیاب نفاذ کی روشنی میں کیا گیا ہے۔اس کو جدید ٹیکنالوجی کے ذریعے اور متعدد مجازاداروں کی بروئے کار لایا جا رہا ہے۔اس میں وفاقی اور مقامی حکومتوں کے سیکڑوں کارکنان ، نگران اور منتظمین حصہ لے رہے ہیں۔
