عجمان: دوبئی میں واقع ہندوستانی قونصل خانے، سماجی کارکن اور مقامی پولیس نے اجتماعی طور پر کوششیں کرتے ہوئے ایسی 12 ہندوستانی خواتین کو لالچی اور دھوکہ باز ایجنٹوں کے چنگل سے آزاد کروایا جنہوں نے خواتین کو پرکشش ملازمتیں دلوانے کا جھانسہ دیا اور ویزٹ ویزا پر انہیں امارات لے آئے۔ دھوکہ کھانے والی خواتین نے ہندوستان میں اپنے ارکان خاندان اور ایک مشہور سماجی کارکن کی مدد سے انہیں بچانے کی درخواست کی تھی جس کے بعد پولیس کو مطلع کیا گیا اور پولیس نے اپنی ذمہ داری انتہائی چابکدستی سے انجام دی۔ دریں اثناء ہندوستانی قونصل خانے نے بتایا کہ ابتداء میں 5 خواتین کو دھوکے سے امارات لانے کی اطلاع ملی تھی لیکن جب ہم نے تحقیقات کی تو مزید 3 خواتین کا پتہ چلا۔ شک کا دائرہ وسیع ہونے کے بعد تحقیقات کو جب آگے بڑھایا گیا تو خواتین کی اصل تعداد 12 نکلی۔ عجمان میں کونسل برائے پریس ، انفارمیشن وکلچرل نیرج اگروال نے یہ بات بتائی۔