دوبارہ اقتدار کیلئے کانگریس قائدین میں اتحاد ضروری: ہنمنت راؤ

   

حیدرآباد۔27۔اپریل (سیاست نیوز) سابق رکن راجیہ سبھا وی ہنمنت راؤ نے کہا کہ کانگریس پارٹی میں قائدین من مانی بیانات دے رہے ہیں جو پارٹی کیلئے ٹھیک نہیں۔ گاندھی بھون میں ایک روزہ احتجاج سے خطاب کرتے ہوئے ہنمنت راؤ نے کہا کہ پارٹی میں ہر کسی کو ڈسپلن کی پابندی کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ تلگو فلم بلگم کی طرح تمام قائدین کو متحدہ طور پر کام کرنا چاہئے ۔ انہوں نے کہا کہ پارٹی قائدین اور کیڈر کا نشانہ کے سی آر حکومت کا زوال اور کانگریس کی اقتدار میں واپسی ہونا چاہئے۔ ہنمنت راؤ نے کہا کہ تلنگانہ عوام کانگریس کو دوبارہ برسر اقتدار دیکھنا چاہتے ہیں لیکن پارٹی قائدین کو چاہئے کہ وہ اتحاد کا مظاہرہ کرتے ہوئے پارٹی کو کامیابی سے ہمکنار کریں۔ انہوں نے کہا کہ من مانی بیان بازی سے پارٹی کیڈر الجھن کا شکار ہوگا اور عوام میں تاثر جائے گا کہ قائدین میں اختلافات ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صرف اتحاد کے ذریعہ ہی دوبارہ اقتدار حاصل کیا جاسکتا ہے۔ر