نئی دہلی۔ 25 جون (سیاست ڈاٹ کام) دہلی کے وزیراعلیٰ اروند کجریوال نے گزشتہ سہ شنبہ کو ملک میں دوبارہ ایمرجنسی جیسی صورتحال پیدا کرنے کے خلاف پارلیمنٹ میں ایک قرارداد منظور کرنے پر زور دیا ہے۔ کجریوال نے ٹوئٹ میں کہا کہ 34 سال قبل اسی دن ہندوستان نے اس وقت کی وزیراعظم اندرا گاندھی کے ذریعہ سارے ملک میں ہنگامی حالات کی صورت میں جمہوریت پر ایک بہت بڑے حملے کا مشاہدہ کیا تھا۔ انہوں نے بتایا کہ ہم کو اب اس بات کا عہد کرنا چاہئے کہ ہم کبھی اپنی عظیم الشان جمہوریت کے دستور کے خلاف بغاوت کے اعادہ کی اجازت نہیں دیں گے۔ سابق وزیراعظم آنجہانی اندرا گاندھی نے اسی دن (24 جون 1975ء) کو ہنگامی حالات (ایمرجنسی) کو نافذ کیا تھا جو 21 مارچ تک جاری رہی۔