الیکشن کمیشن کو مسئلہ کی یکسوئی کی ہدایت، ہائی کورٹ کا فیصلہ
حیدرآباد: تلنگانہ ہائی کورٹ کے جسٹس اے ابھیشک ریڈی نے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے دو بی جے پی امیدواروں کی جانب سے رائے شماری روکنے کی اپیل پر حکم التواء سے انکار کردیا ۔ عدالت نے اسٹیٹ الیکشن کمیشن کو ہدایت دی کہ دونوں بی جے پی امیدواروں کی درخواستوں کی جلد یکسوئی کردیں۔ جسٹس ابھیشک ریڈی نے گھانسی بازار کی امیدوار رینو سونی اور پرانے پل کے امیدوار کے سریندر کی درخواستوں کی یکسوئی کردی۔ دونوں امیدواروں نے شکایت کی کہ بعض پولنگ بوتھس میں رائے دہی 93 فیصد سے زائد ریکارڈ ہوئی ۔ ان پولنگ بوتھس میں دھاندلیاں کی گئیں ، لہذا انہوں نے دوبارہ رائے دہی کا مطالبہ کیا گیا ۔ ا سٹیٹ الیکشن کمیشن کے وکیل ودیا ساگر نے عدالت کو بتایا کہ گھانسی بازار ڈیویژن میں 59 پولنگ اسٹیشن ہیں اور رائے دہی کا فیصد 54 رہا ۔ عدالت نے بی جے پی امیدواروںکی نمائندگی پر احکامات جاری کرنے کمیشن کو ہدایت دی۔