عوام میں الجھن کے بعد ریاستی وزیر سرینواس یا دو کی وضاحت
حیدرآباد 12 جون ( سیاست نیوز) ریاستی وزیر سرینواس یادو نے وضاحت کی کہ انہوں نے حیدرآباد میں دوبارہ لاک ڈاون کے تعلق سے کوئی تبصرہ نہیں کیا ہے ۔ واضح رہے کہ ایک تلگو چینل سے بات کرتے ہوئے دن میں ریاستی وزیر کی جانب سے حیدرآباد میں دوبارہ سخت لاک ڈاون کے اشارے دئے جانے کا دعوی کیا گیا تھا جس کے بعد عوام میں الجھن پیدا ہوگئی تھی ۔ ان کا یہ ریمارک کافی وائرل ہوگیا تھا تاہم شام میں سرینواس یادو نے وضاحت کی کہ انہوں نے ایسا کوئی ریمارک نہیں کیا ۔ قبل ازیں سرینواس یادو نے اشارہ دیا تھا کہ گریٹر حیدرآباد میں کورونا کیسوں میں تیزی سے اضافہ کے پیش نظر چیف منسٹر کے سی آر دوبارہ لاک ڈاون کے نفاذ پر غور کرسکتے ہیں۔ سرینواس یادو نے کہا کہ چیف منسٹر عنقریب گریٹر حیدرآباد میں کورونا کی تازہ صورتحال پر عہدیداروں سے بات چیت کریں گے اور کورونا پر قابو پانے کا راستہ تلاش کیا جائیگا ۔ انہوں نے کہا کہ گریٹر حیدرآباد میں دوبارہ لاک ڈاون نافذ کیا جائے یا نہیں اس بارے میں چیف منسٹر فیصلہ کریں گے۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد ایک کروڑ کی آبادی پر مشتمل شہر ہے اور حالیہ دنوں میں کورونا کیسوں میں تیزی سے اضافہ ہوا ہے۔ حکومت اپنے طور پر تمام احتیاطی تدابیر اختیار کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ لاک ڈاون کا نفاذ حکومت کے کنٹرول میں نہیں ہے ۔ مرکزی حکومت نے لاک ڈاون میں کئی رعایتوں کا اعلان کیا لیکن تلنگانہ حکومت نے تحدیدات کو برقرار رکھتے ہوئے کورونا پر قابو پانے کی کوشش کی ہے ۔