صدر نشین وقف بورڈ محمد سلیم کی کے ٹی آر سے ملاقات، اقلیتی گریجویٹس کو فہرست رائے دہندگان میںنام درج کرانے کا مشورہ
حیدرآباد۔ صدرنشین تلنگانہ وقف بورڈ محمد سلیم نے دوباک اسمبلی حلقہ کے ضمنی چناؤ اور گریجویٹ زمرہ کی ایم ایل سی نشستوں پر ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کو یقینی قرار دیا۔ محمد سلیم نے پارٹی کے کارگذار صدر کے ٹی راما راؤ سے ملاقات کرتے ہوئے انتخابات میں اقلیتی رائے دہندوں کو ٹی آر ایس کے قریب کرنے کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے کہا کہ دوباک کے ضمنی چناؤ میں کانگریس اور بی جے پی نے مقابلہ کا اعلان کیا ہے لیکن کے سی آر حکومت کی فلاحی اور ترقیاتی اسکیمات کے نتیجہ میں پارٹی امیدوار کی کامیابی یقینی ہے۔ انہوں نے کہا کہ دوباک میں ٹی آر ایس کا کسی بھی پارٹی سے کوئی مقابلہ نہیں ہے۔ حلقہ کے عوام بلالحاظ مذہب و ملت ٹی آر ایس کی تائید کا فیصلہ کرچکے ہیں۔ ضمنی چناؤ یکطرفہ ہوگا اور اپوزیشن امیدواروں کی ضمانتیں ضبط ہوجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اپوزیشن حکومت کے خلاف بے بنیاد الزامات عائد کرتے ہوئے عوام کو گمراہ کرنے کی کوشش کررہی ہے۔ محمد سلیم نے کہا کہ انتخابی اعلامیہ کی اجرائی کے بعد وہ دوباک میں ٹی آر ایس کی انتخابی مہم میں حصہ لیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تلنگانہ کی تشکیل کے بعد سے تمام ضمنی انتخابات کے نتائج ٹی آر ایس کے حق میں رہے ہیں۔ حکومت کی کارکردگی سے متاثر ہوکر عوام نے ہر چناؤ میں اپوزیشن کے الزامات کو مسترد کردیا ہے۔ محمد سلیم نے گریجویٹ زمرہ کی دونوں نشستوں پر ٹی آر ایس امیدواروں کی کامیابی کا دعویٰ کرتے ہوئے 6 اضلاع کے اقلیتی گریجویٹ افراد بالخصوص نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنا نام درج کرائیں۔ الیکشن کمیشن نے فہرست رائے دہندگان میں ناموں کی شمولیت کی مہم شروع کی ہے اور 6 اکٹوبر تک نام شامل کئے جاسکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ حیدرآباد، رنگاریڈی اور محبوب نگر اضلاع پر مشتمل ایم ایل سی نشست پر اس مرتبہ بی جے پی کو شکست ہوگی۔ اقلیتی رائے دہندوں کے علاوہ تعلیم یافتہ طبقات سے ٹی آر ایس امیدوار کی تائید یقینی ہے۔ انہوں نے گریٹر حیدرآباد میں گریجویٹ نوجوانوں، اساتذہ اور سرکاری ملازمین سے اپیل کی کہ وہ فہرست رائے دہندگان میں اپنے نام درج کریں۔ انہوں نے کہا کہ نظام آباد میں مجالس مقامی زمرہ کی کونسل کی نشست پر کویتا کی شاندار کامیابی ہوگی۔
دیسی ساختہ بموں کے ساتھ دو افراد گرفتار
حیدرآباد: اے پی کے سریکاکلم میں دیسی ساختہ بموں سے سنسنی پھیل گئی۔آندھراویدیکا علاقہ کے رہنے والے اے راجیش،نوین کے پاس سے یہ دیسی ساختہ بم برآمد ہوئے ۔یہ افراد جنگلی خنزیروں کوہلاک کرنے کے لئے یہ بم اپنے ساتھ جنگل کے علاقہ کو لے جارہے تھے تاہم پولیس نے ان کو حراست میں لے لیا۔بعد ازاں پولیس نے آندھراویدیکا علاقہ کے مکانات میں بڑے پیمانہ پر تلاشی لی۔پولیس نے گاڑیوں کی بھی تلاشی لی تاکہ مزید بموں کے بارے میں پتہ چل سکے ۔